کاماریڈی اور میدک اضلاع میں موسلا دھار بارش

   

سنگین صورتحال پر نظر ، چیف منسٹر ریونت ریڈی کی کلکٹرس اور عہدیداروں کو ہدایت
کاماریڈی ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے چیف منسٹر مسٹر اے ریونت ریڈی نے کاماریڈی اور میدک اضلاع میں جاری موسلا دھار بارش کے سبب پیدا شدہ سنگین صورتحال پر مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے۔ چیف منسٹر نے دونوں اضلاع کے کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ مکمل طور پر چوکس رہیں اور کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے محکمہ جاتی مشینری کو تیار رکھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو کسی بھی قسم کی دشواری سے بچانے کے لیے فوری اور بروقت راحتی کارروائیاں انجام دینا لازمی ہے۔مسٹر ریونت ریڈی نے چیف سکریٹری کو بھی ہدایت دی کہ حالات پر مسلسل نگرانی کرتے ہوئے بارش سے متاثرہ عوام کو فوری امداد پہنچائی جائے اور ضرورت پڑنے پر این ڈی آر ایف اور ایس ڈی آر ایف کی خدمات حاصل کی جائیں۔ ساتھ ہی اضلاع کے انچارج وزیر مسٹر سیتکا اور حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کو خصوصی ہدایت دی گئی کہ وہ متاثرہ اضلاع کا دورہ کریں، زمینی حالات کا قریب سے جائزہ لیں اور اگر حالات تقاضہ کریں تو ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بھی بارش میں پھنسے عوام کو بچانے کے اقدامات کریں۔دریں اثناء ضلع کلکٹر مسٹر آشش سنگوان اور ضلع ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے بتایا کہ اب تک مختلف مقامات سے 500 افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا جاچکا ہے اور یہ کارروائیاں ہنوز جاری ہیں۔ تاہم شدید بارش اور سیلابی ریلوں کے باعث دو افراد کی موت واقع ہوگئی جس پر انتظامیہ نے گہرے افسوس کا اظہار کیا اور لواحقین کو ہر ممکن امداد پہنچانے کی یقین دہانی کرائی۔پولیس کمشنر نظام آباد مسٹر سائی چیتنیا نے ایڈیشنل ڈی سی پی بسوا ریڈی کے ہمراہ خصوصی ٹیم کے ساتھ قومی شاہراہ نمبر 44 پر ٹریفک بحالی کے لیے اقدامات کیے جہاں کئی گھنٹوں سے جام کی صورتحال برقرار تھی۔ آر ٹی سی کی بسوں میں پھنسے ہوئے مسافروں کو کاماریڈی کے مقامی فنکشن ہالوں اور دیگر مقامات پر ٹھہرایا گیا جبکہ لاری ڈرائیوروں اور دیگر مسافروں کے تحفظ اور کھانے پینے کے انتظامات بھی ضلع انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے۔کلکٹر مسٹر آشش سنگوان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں کنٹرول روم نمبر 08468220069پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت راحتی اقدامات کیے جاسکیں۔ ضلع میں مسلسل بارش کے سبب عوامی زندگی مفلوج ہوچکی ہے اور انتظامیہ ہمہ وقت راحت رسانی میں مصروف ہے۔