کاماریڈی اور نظام آباد کے سرکاری ہاسپٹلس کی ترقی کیلئے 85 کروڑ کی منظوری

   

وزیر صحت دامودر راج نرسمہا اور محمد علی شبیر کا عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، عصری آلات فوری نصب کرنے کی ہدایت
حیدرآباد 11 اپریل (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے نظام آباد اور کاماریڈی اضلاع کے سرکاری دواخانوں کی ترقی کے لئے 85 کروڑ کی منظوری کا اعلان کیا ہے۔ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے اِس سلسلہ میں نمائندگی کی تھی۔ دامودر راج نرسمہا نے محمد علی شبیر کے ہمراہ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا جس میں دونوں اضلاع میں سرکاری دواخانوں کی ترقی اور بہتر انفراسٹرکچر سہولتوں کو منظوری دی گئی۔ محمد علی شبیر نے کہاکہ دونوں اضلاع میں سرکاری دواخانے بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ نظام آباد کے 750 بستروں پر مشتمل گورنمنٹ ہاسپٹل میں صرف ایک لفٹ کام کررہی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ مریضوں کے لئے خدمات کی کمی کے سبب دشواریوں کا سامنا ہے۔ دامودر راج نرسمہا نے ہاسپٹل کے لئے 2 زائد لفٹس کی منظوری دی۔ اُنھوں نے ہاسپٹل میں پینے کے پانی کی سہولت کے علاوہ ڈرینج نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ بنیادی انفراسٹرکچر اور ترقیاتی کاموں کے لئے 63 کروڑ کی منظوری دی گئی۔ کاماریڈی ضلع کے 250 بستروں پر مشتمل گورنمنٹ ہاسپٹل میں سٹی اسکیان اور بنیادی ڈیگناسٹک انفراسٹرکچر کی کمی سے محمد علی شبیر نے واقف کرایا۔ دامودر راج نرسمہا نے اندرون ایک ہفتہ سٹی اسکیان کی فراہمی کی ہدایت دی اور ایمرجنسی کیسیس سے نمٹنے کے لئے ٹراما سنٹر کی منظوری دی۔ وزیر صحت نے دومکنڈہ میں کمیونٹی ہیلت سنٹر کو 30 بستروں سے 50 بستروں تک اپ گریڈ کرنے کی منظوری دی ہے۔ حکومت نے سیول کاموں اور طبی آلات کی فراہمی کے لئے 22 کروڑ کی منظوری دی۔ ہیلت سکریٹری ڈاکٹر کرسٹینا چونگٹو نے کہاکہ تلنگانہ ویدیا ودھان پریشد اور اسٹیٹ میڈیکل سرویسس انفراسٹرکچر کارپوریشن کو کاموں کی عاجلانہ تکمیل کی ہدایت دی گئی ہے۔ محمد علی شبیر نے کہاکہ وزیر صحت عنقریب دونوں اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے نئی سہولتوں کا افتتاح اور تعمیری کاموں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اجلاس میں ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر نریندر کمار، ایڈیشنل ڈائرکٹر وی تھامس، منیجنگ ڈائرکٹر انفراسٹرکچر کارپوریشن ہیمن سہادیو راؤ، ڈائرکٹر پبلک ہیلت ڈاکٹر ڈی رویندر نائک، سپرنٹنڈنٹ کاماریڈی گورنمنٹ ہاسپٹل ڈاکٹر فریدہ بیگم، پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج کاماریڈی ڈاکٹر وی شیوا پرساد، سپرنٹنڈنٹ گورنمنٹ ہاسپٹل نظام آباد ڈاکٹر سرینواس اور پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج نظام آباد ڈاکٹر شیوا پرساد اجلاس میں شریک تھے۔1