مزید دو ارکان کی شمولیت پر تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کا امکان
کاماریڈی : 17؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی میں بی آرایس سے وابستہ اراکین بلدیہ پار ٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ ارکان بلدیہ راجیشور ، سرینواس ، مہیش نے آج پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیارکرنے پر محمد علی شبیر نے ان ارکان بلدیہ کا پارٹی کھنڈوا پہنا کر پارٹی میں خیر مقدم کیا ۔ واضح رہے کہ میونسپل کاماریڈی کے جملہ 49 وارڈس ہے اور 2020 ء منعقدہ انتخابات میں بی آرایس کو 23 ، کانگریس کو 12 ، بی جے پی کو 8 اور 6 آزاد منتخب ہوئے تھے ۔ آزاد بی آرایس میں شمولیت کے بعد بی آرایس کو 29 ارکان بلدیہ کی تائید حاصل ہوگئی تھی اور بی آرایس کے جھانوی کو صدرنشین اور اندو پریا کو نائب صدرنشین بلدیہ منتخب کیا تھا ۔ بعد میں ہوئے حالات پر کانگریس کے 8 اور بی جے پی کے دو اراکین بلدیہ بی آرایس میں شامل ہوگئے تھے اور بی آرایس کی تائید 39 ہوگئی تھی انتخابات سے قبل ہوئے حالات پر نائب صدرنشین بلدیہ اور ان کے شوہر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت حاصل کرلی تھی اور گذشتہ دو ماہ سے ایک کے بعد ایک اب تک 13 ارکان بلدیہ بی آرایس سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی اور کانگریس کو 25 ارکان بلدیہ کی اکثریت حاصل ہوگئی ہے ۔ مزید 2 ارکان بلدیہ پارٹی میں شامل ہونے کی صورت میں صدرنشین بلدیہ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کئے جانے کے امکانات ہیں ۔ اس موقع پر ضلع کانگریس صدرکے سرینواس رائو کے علاوہ ارکان بلدیہ محمد اسحاق شیر و ، سید انور احمد و دیگر بھی موجود تھے۔