کاماریڈی سے فوجی جوان لاپتہ

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد۔ ایک حیرت انگیز واقعہ میں ایک فوجی جوان ضلع کاما ریڈی سے لاپتہ ہوگیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب جودھپور راجستھان میں متعین فوجی جوان نوین لاپتہ ہوگیا ہے ۔ اس کا تعلق کاماریڈی منڈل میں ٹمکاپلی گاوں سے تھا ۔ وہ 4 اگسٹ کو چھٹی پر اپنے گاوں واپس آیا تھا اور 29 اگسٹ کو وہ کاما ریڈی سے حیدرآباد کیلئے روانہ ہوا تھا تاکہ جودھپور واپس جاسکے ۔ جب نوین کے والدین نے اسے فون کیا تو اس کا فون بند تھا ۔ انہوں نے فوجی عہدیداروں سے رابطہ کیا تو انہوں نے تفصیلات سے آگہی حاصل کرنے کے بعد بتایا کہ نوین ڈیوٹی پر واپس نہیں آیا ہے ۔ نوین کے رشتہ داروں نے کئی جگہ تلاش کیا لیکن اس کا پتہ نہیں چل سکا ۔ ارکان خاندان نے اس سلسلہ میں کاماریڈی ٹاون پولیس میں شکایت درج کروائی ہے ۔