کاماریڈی سے مقابلہ کی صورت میں کے سی آر کی شکست یقینی

   

سکریٹری اے آئی سی سی وشواناتھ اور محمد علی شبیر کی رائے دہندوں سے گھر گھر ملاقات
حیدرآباد۔/6 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) سابق وزیر محمد علی شبیر نے کہا کہ کاماریڈی اسمبلی حلقہ سے چیف منسٹر کے سی آر کے مقابلہ کی صورت میں مقامی عوام نے شکست دینے کا عہد کرلیا ہے۔ کاماریڈی کے مسائل کے حل کیلئے مقامی شخص کی ضرورت ہے اور کے سی آر گجویل اور کاماریڈی سے بیک وقت مقابلہ کرتے ہوئے عوام کے ساتھ انصاف نہیں کرسکتے۔ محمد علی شبیر نے آج کاماریڈی کے پالونچہ منڈل میں عوام سے ملاقات مہم میں حصہ لیا۔ بھوانی پیٹ موضع میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پروگرام کے تحت عوام کو کانگریس پارٹی کی چھ ضمانتوں سے واقف کروایا گیا۔ محمد علی شبیر نے کہا کہ گجویل میں عوام اور بالخصوص کسانوںکی اراضیات جبراً حاصل کرلی گئی ہیں اور کاماریڈی میں اسی طرح اراضیات کی لوٹ کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے گذشتہ نو برسوں میں عوام سے جو وعدے کئے تھے انہیں فراموش کردیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا پہلے کابینی اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا۔ اس موقع پر مقامی عوام نے اسمبلی چناؤ میں محمد علی شبیر کی تائید کا عہد کیا اور کہا کہ جس طرح ریاست بھر میں کانگریس کی لہر ہے اسی طرح کاماریڈی میں بھی کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ اس موقع پر آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری اور انچارج ظہیرآباد پارلیمانی حلقہ پی سی وشواناتھ نے کانگریس پارٹی کا پرچم لہرایا۔ انہوں نے گھر گھر پہنچ کر رائے دہندوں سے ملاقات کی۔