کاماریڈی سے کے سی آر کی ناکامی طئے: محمد علی شبیر

   

گھر گھر عوام سے ملاقات، کانگریس کی گیارنٹی اسکیمات کی تشہیر

کاماریڈی ۔ 6 اکتوبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سینئر کانگریسی قائد سابق ریاستی وزیر محمد علی شبیر نے آج ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پروگرام کے تحت کاماریڈی حلقہ کے بھوانی پیٹ کا دورہ اور اس موقع پر گھر گھرپہنچ کر عوام سے ملاقات کی اور عوامی مسائل سے واقفیت حاصل کی ۔ اس موقع پر محمد علی شبیر نے عوام کو کانگریس پارٹی کے 6 گیارنٹی اسکیمات کے بارے میں واقف کروایااور بتایا کہ کانگریس پارٹی جو اعلان کرتی اس پر پابند عہد رہتی ہے اور کرناٹک کے طرز پر تلنگانہ میں بھی ترقیاتی کاموں کو انجام دیا جائیگا۔ حکومت کی ناقص کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے سربراہ چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر رائو ناکامی کی خوف سے کاماریڈی میں بھی مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔لیکن یہاں پر بھی انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑیگا۔ شبیر علی نے کہا کہ کانگریس پارٹی اقتدار میں آنے کے بعد خواتین کو 2500 روپئے کے علاوہ 500 روپئے میں سلنڈر فراہم کیا جائیگا اور ہر مستحق کو وظائف فراہم کئے جائیں گے ۔ کانگریس پارٹی کے اقتدار میں اندراماں ہائوزنگ کی بڑے پیمانے پر تعمیر عمل میں لائی گئی تھی ۔ گذشتہ 9 سالوں سے ڈبل بیڈ رومس کے نام پر مکانات تعمیری کا صرف وعدہ کرتے رہے اور چند مقامات پر مکانات کی تعمیر کرتے ہوئے نمائش کے طور پر اسے رکھا گیا لیکن آج بھی ان مکانات کو تقسیم نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے یہ مکانات کی دن بہ دن خستہ حالت ہوتی جارہی ہے اور یہ مکانات غیر سماجی سرگرمیوں کا اڈہ بنا ہوا ہے۔ اس موقع پر اے آئی سی سی سکریٹری ظہیر آباد پارلیمنٹ کے انچارج وشوا ناتھ کے علاوہ کانگریس قائدین بھی موجود تھے ۔