ایک ہی خاندان کے 4 افراد فوت ، ٹریفک جام ، پولیس مصروف تحقیقات
کاماریڈی ۔15 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی ضلع کے بھکنور منڈل کے جنگم پلی گاؤں کے قریب قومی شاہراہ نمبر 44 پر آج پیش آئے ہولناک سڑک حادثہ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد موقع پر ہی جاںبحق ہو گئے تفصیلات کے مطابق غلط سمت سے تیز رفتاری کے ساتھ آنے والی مورم سے بھری ایک ٹپر لاری نے الیکٹرک اسکوٹی کو ٹکر دے دی، جس کے نتیجے میں اسکوٹی پر سوار باپ، بیٹی اور دو کمسن بچے بری طرح زد میں آگئے ۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ کشن (53) اور ان کی دختر جسلین (29) موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جب کہ شدید زخمی بچوں جوئل پرکاش (4 سال) اور جوئل جڈسن (5 ماہ) کو فوری طور پر ایمبولنس کے ذریعہ کاماریڈی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا مگر ایک بچہ راستے میں دم توڑ گیا اور دوسرا علاج کے دوران زخموں سے جانبر نہ ہوسکا۔ذرائع کے مطابق یہ خاندان بچوں کو ٹیکہ دلوانے جنگم پلی جارہا تھا کہ اچانک غلط سمت سے آنے والی ٹپر نے ٹکرا دیا۔ مہلوکین کا تعلق کاماریڈی ضلع کے کرڈی پلی گاؤں سے بتایا گیا ہے، تاہم متوفی کشن روزگار کے سلسلے میں عادل آباد میں مقیم تھا۔ خاندانی معاہدے کے تحت وہ عارضی طور پر کاماریڈی میں کرایہ کے مکان میں رہائش اپنے والد کے ساتھ قیام پذیر تھا۔حادثہ کے بعد قومی شاہراہ پر افرا تفری مچ گئی۔ حیدرآباد جانے والی سمت میں کئی کلو میٹر طویل ٹریفک جام لگ گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی یلارڈی ڈی ایس پی سرینواس راؤ، بھکنور سب انسپکٹر آنجنیالو، نریندر اور پولیس عملہ جائے حادثہ پر پہنچا، نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے منتقل کیا اور ٹریفک کی روانی بحال کرائی۔حادثے کے مقام پر دلخراش مناظر دیکھ کر وہاں موجود عوام میں غم و اندو کی فضا پھیل گئی۔ غیر قانونی مورم کی نکاسی بڑھتی ہوئی ٹپر لاریوں کی من مانی اور لاپرواہانہ ڈرائیونگ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے حکام سے فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔