کاماریڈی میڈیکل کالج کی توسیع کیلئے رکن اسمبلی کی چیف منسٹر سے نمائندگی

   

کاماریڈی۔ 17 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی رکن اسمبلی کے پی وینکٹ رمنا ریڈی نے ریاستی وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے کاماریڈی گورنمنٹ میڈیکل کالج اور گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کی توسیع کے لئے اراضی کی فراہمی اور سڑک کی تعمیر کے لیے فنڈز فراہم منظوری کی درخواست پیش کی۔ اس سلسلہ میں ایک تفصیلی یادداشت پیش کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ میڈیکل کالج کے لئے ڈیری ٹکنالوجی کے 60 ایکڑ اراضی میں سے صرف 7 ایکڑ زمین ہی مختص کی گئی ہے، جو موجودہ اور مستقبل کی ضروریات کے لئے ناکافی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گورنمنٹ جنرل ہاسپٹل کے لئے تقریباً 14 ایکڑ اراضی درکار ہے جبکہ آڈیٹوریم، ٹراما کیئر سنٹر، اسٹاف کوارٹرس اور 32 پوسٹ گریجویٹ نشستوں کے قیام کی تجویز کے پیش نظر ادارہ کے مستقبل میں توسیع کے لئے مزید سہولتیں فراہم کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج میں ہاؤس سرجن اور سینئر ریزیڈنٹس کے لئے رہائش، ڈی آر پی اور پی جی طلبہ کے لئے ہاسٹلس، سپر اسپیشلٹی ڈاکٹرس کی رہائش، کھیل کے میدان اور دیگر تعلیمی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لئے کم از کم 12 ایکڑ مزید اراضی درکار ہوگی۔ اس طرح مجموعی طور پر تقریباً 33 ایکڑ زمین کی ضرورت ہے جبکہ فی الحال صرف 7 ایکڑ ہی دستیاب ہے، لہٰذا بقیہ 26 ایکڑ زمین کاماریڈی گورنمنٹ ڈگری کالج کے زیر استعمال 140 ایکڑ اراضی میں سے مختص کرنے کی درخواست کی۔ اس موقع پر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر مسٹر مہیش کمار گوڑ رکن اسمبلی نظام آباد رورل ڈاکٹر بھوپت ریڈی آرمور کے رکن اسمبلی پائڈی راکیش ریڈی بھی موجود تھے۔