کاماریڈی میں اقلیتی بہبود سے متعلق اقدامات کاجائزہ

   

کلکٹراور ضلع ایس پی سے تلنگانہ اقلیتی کمیشن چیئرمین طارق انصاری کی ملاقات

کاماریڈی :25؍فبروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ اقلیتی کمیشن چیئرمین طارق انصاری نے آج کاماریڈی کا سرکاری دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع کلکٹر اور ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سے ملاقات کی اور ضلع کاماریڈی کے نظم و نسق اور لا اینڈ آرڈر پر تفصیلی گفتگو کی۔بعد اذاں ضلع اقلیتی بہبود آفیسر کے۔جیا راج و اسٹاف نے اقلیتی کمیشن چیرمین سے خیر سگالی ملاقات کی۔طارق انصاری نے ضلع کاماریڈی میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود سے متعلق جاری اقدامات کا جائزہ لیا۔ اقلیتی بہبود آفیسر نیاقلیتی بہبود کے تمام شعبہ جات اور یونٹس کی تفصیلات سے واقف کروایا اس دوران حال ہی میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ دو اہم اسکیمات ای-اسکوٹر اسکیم اور مسلم ترکا کاشا اسکیم پر خصوصی گفتگو کی گئی اور اسکیمات کی تفصیلات، اہلیت، شرائط اور عمل آوری کے طریقہ کار سے آگاہ کیا گیا۔اس موقع پر طارق انصاری نے کہا کہ حکومت تلنگانہ اقلیتوں کی فلاح و بہبود اور ان کی معاشی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اقلیتوں کو مزید بااختیار بنانے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی غرض سے دو نئی اسکیمات کا اعلان کیا ہے، جن پر مؤثر اور شفاف عمل آوری کو یقینی بنایا جائے۔چیئرمین نے ہدایت دی کہ دونوں اسکیمات پر صد فیصد عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے اور تشہیری مہم میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ دونوں اسکیمات کی مکمل اور مؤثر عمل آوری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔جس پر اقلیتی کمیشن کے چیرمین طارق انصاری نے کے۔جیا راج ڈسٹرکٹ مینارٹی ویلفیر آفیسر کاماریڈی و محمد ارشد علی اردو آفیسر، ٹی۔ششی کانت سینئر اسسٹنٹ، بوینی سائلو، بوینی ستیم، اکرام خان،محمد عرفان، عملہ کی ستائش کرتے ہوئے مستقبل میں بہترین خدمات کا مشورہ دیا۔