کاماریڈی۔ 15 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حافظ عدنان ذاکر پریس سکریٹری منڈل جمعیۃ کاماریڈی کی اطلاع کے بموجب ضلع کاماریڈی کی دینی درسگاہ مدرسہ مصباح الہدیٰ مسجد نور و مدرسۃ الصالحات کا جلسہ تکمیلِ حفظ قرآن مجید و درس ختم بخاری شریف مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی (صدر جمعیۃ علماء تلنگانہ وآندھرا) کی صدارت میں 16؍ نومبر 2022ء بروز چہارشنبہ بعد نمازِ عشاء احاط مدرسہ ہذا میں منعقد ہوگا۔اس ضمن میں جمعیۃ علماء منڈل کاماریڈی کے ذمہ داران کا ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر منڈل جمعیۃ کاماریڈی مولانا نظر الحق قاسمی نے کہا کہ حفظ قرآن مجید مکمل کرنے والے طلباء عظام کی دستار بندی عمل میں آئے گی اور مدرسۃ الصالحات کاماریڈی کی دور حدیث مکمل کرکے عالمہ فاضلہ بننے والی طالبات کو خمار فضیلت پیش کی جائے گی، نیز اس جلسہ سے مقرر مولانا امیراللہ خان قاسمی (نائب صدر رابط مدارس عربیہ اسلامیہ تلنگانہ) وملک کے ممتاز و مایہ ناز اکابر علماء کرام مولانا پی ایم مزمل رشادی والاجاہی (خطیب مسجد عمر فاروق بنگلور) مولانا مفتی سعید اکبر قاسمی (خلیفہ حضرت مولانا پیر ذوالفقار احمد نقشبندی مجددی دامت برکاتہم) ونسبت نوجوان عالم دین مولانا مفتی عبدالرشید شیداء صدیقی خطاب کریں گے۔ اسی دن صبح 10 بجے مدرسۃ الصالحات کاماریڈی میں خواتین اسلام کیلئے خصوصی پردہ کے نظم کے ساتھ درسِ ختمِ بخاری شریف کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ قاری مجاہد صدیقی سکریٹری جمعیۃ العلماء گمبھی راؤ پیٹ نے اس جلسہ میں شرکت کی اپیل کی۔