کاماریڈی میں انتخابات ضابطہ اخلاق پرسختی سے عمل آوری:کلکٹر

   

کاماریڈی :10؍ دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پہلی مرحلہ کی گرام پنچایت انتخابات کے پیش نظر کاماریڈی ضلع میں انتخابی مہم کے اختتام، امن و قانون کے تحفظ اور ضابطہ اخلاق کی سخت عمل آوری کیلئے آج شام سے اہم انتظامی اقدامات نافذ کر دیے گئے۔ ضلع کلکٹر کاماریڈی آشیش سانگوان نے واضح کیا کہ پہلی مرحلہ کی رائے دہی 11؍ دسمبر کو منعقد ہونے والی ہے اور دس منڈلوں میں امیدواروں اپنی انتخابی مہم مکمل ہو چکی ہے جس کے بعد نہ کوئی عوامی اجتماع کی اجازت ہوگی اور نہ ہی کسی قسم کی انتخابی سرگرمی کو برداشت کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی الیکشن کمیشن نے تینوں مرحلوں کی انتخابی مہم کے اختتامی اوقات مقرر کیے ہیں جن کے مطابق مرحلہ اول کی مہم 9 ؍دسمبر شام پانچ بجے، مرحلہ دوم کی مہم 12 ؍دسمبر شام پانچ بجے اور مرحلہ سوم کی مہم 15؍ دسمبر شام پانچ بجے ختم ہوگی جبکہ سائلنس پیریڈ کے تحت رائے دہی سے 48 گھنٹے قبل کسی بھی طرح کی انتخابی سرگرمی سخت ممنوع رہے گی اور خلاف ورزی کی صورت میں انتخابی قوانین کے مطابق کارروائی ناگزیر ہوگی۔ کلکٹر آشیش سنگوان نے بتایا کہ انتخابات کے پرامن انعقاد کیلئے دس منڈلوں میں دفعہ 163 بی این ایس ایس نافذ کی جارہی ہے جس کے تحت پانچ یا اس سے زیادہ افراد کے اجتماع پر پابندی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرحلہ کی پولنگ 11 ؍دسمبر کو صبح سات بجے سے دوپہر ایک بجے تک منعقد ہوگی اور رائے دہی مکمل ہوتے ہی اسی روز شام کو ووٹوں کی گنتی انجام دی جائے گی جس کے بعد نتائج کا اعلان کردیا جائے گا۔