کاماریڈی میں اچانک کونڈال ریڈی کے کٹ آؤٹس کی تنصیب

   

سینئر قائدین کی تصاویر کی عدم شمولیت پر ضلع میں ہلچل

کاما ریڈی ۔6 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاما ریڈی مستقر میں اچانک راتوں رات چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ان کے برادرِ کونڈا ل ریڈی کے بڑے کٹ آؤٹس لگائے جانے پر کانگریس حلقوں میں حیرت اور چہ میگوئیاں شروع ہوگئی ہیں۔ ان کٹ آؤٹس میں پارٹی کے سینئر قائد اور حکومت کے مشیر محمد علی شبیر کی تصویر شامل نہ ہونے پر کئی پارٹی کارکنوں نے تعجب کا اظہار کیا ہے اور ہلچل پیدا ہو گئی ہے اور اس بات کو لے کر کئی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق پارٹی کے بعض حلقوں کا ماننا ہے کہ یہ کٹ آؤٹس کسی مخصوص گروہ کی جانب سے جان بوجھ کر ترتیب دیے گئے ہیں۔پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ شبیر علی کے قریبی افراد اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا کونڈا ل ریڈی نے از سر نو کاما ریڈی پر توجہ دینا شروع کر دی ہے یا پھر کسی اندرونی گروہ کی سازش کے تحت یہ کٹ آؤٹس لگائے گئے ہیں تاکہ مقامی قیادت کو نظر انداز کیا جا سکے۔ کانگریس کے اندرونی حلقوں میں اس موضوع پر بحث جاری ہے اور آئندہ سیاسی چالوں پر نگاہیں مرکوز کر دی گئی ہیں اور ان کٹ آؤٹ پر یوم آزادی اوررکھشا بندھن کی مبارک باد تحریر کی گئی ہے لیکن کسی کا بھی نام یا تصویر نہیں شامل کرنا قابل غور ہے گزشتہ چند دنوں سے کاماریڈی میں گروپ بندیوں کا پیدا ہونا اور ایسے میں کٹ آؤٹس نصب کرنا پارٹی کیلئے لمحہ فکر ہے۔