کاماریڈی میں ایک معصوم کے اغواء کی کوشش

   

سی سی کیمروں کی مدد سے اغوا کار ریلوے اسٹیشن سے گرفتار
کاماریڈی۔ 6 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اے ایس پی کاماریڈی چیتنیا ریڈی نے بھکنور منڈل کے موضع گرج کنٹہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص مکلہ نرسمولو، ٹاؤن پولیس اسٹیشن کاماریڈی پہنچکر شکایت درج کروائی کہ وہ اُن کی بیوی اور بچے کے ساتھ سرسلہ روڈ پر واقع ایک فاسٹ فوڈ سنٹر کے پاس رات کے وقت سو رہے تھے کہ نصف شب کے قریب جب اُن کی آنکھ کھلی تو دیکھا کہ اُن کا دو سالہ بیٹا ہرشیت جو اُن کے ساتھ ہی سو رہا تھا کسی نے اغوا کر لیا ہے، جس پر فوری طور پر کیس درج کر لیا گیا اورتحقیقات کا آغاز کر دیا اور اس واقعہ سے اعلیٰ افسران کو مطلع کیا گیا اور ضلع ایس پی راجیش چندرا کی ہدایات پر اے ایس پی چیتنیا ریڈی کی نگرانی میں ٹاؤن سرکل انسپکٹر ٹاؤن ایس آئیز اور دیگر عملے پر مشتمل تین ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ مذکورہ علاقہ میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کا معائنہ کیا گیاجس میں ایک مرد اور ایک عورت بچے کو لے جاتے ہوئے دکھائی دیا۔مزید تحقیقات سے معلوم ہوا کہ بچے کو اغواء کرنے والے افراد دومکنڈہ منڈل کے متوطن پلّاپو راجو اور پلّاپو شاردا ہیں۔ جب پولیس ان کے بارے میں تلاش کر رہی تھی تو یہ دونوں افراد کاماریڈی ریلوے اسٹیشن کے پاس ایک چھوٹے بچے کو لے کر گداگری کرتے ہوئے نظر آئے۔ پولیس نے فوری طور پر انہیں حراست میں لے لیا۔ تفتیش پر ان دونوں نے اعتراف کیا کہ انہوں نے بچے کو بھیک منگوانے کی غرض سے رات کے وقت موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اس کے والدین کے پاس سے سوتے وقت اغواء کیا تھا۔اے ایس پی چیتنیا ریڈی نے بتایا کہ پلّاپو راجو دُمکونڈہ منڈل،پلّاپو شاردا دومکنڈہ منڈل سے تعلق رکھتے ہیں کاماریڈی اے ایس پی نے مطلع کیا کہ آئندہ اگر کوئی بھی ضلع کاماریڈی میں کسی جرم کا ارتکاب کرنے کی کوشش کرے یا جرم کرے تو اسے ٹیکنالوجی، سی سی ٹی وی فوٹیج اور مخبروں کی مدد سے شناخت کرکے ضرور گرفتار کیا جائے گا اور عدالت میں پیش کر کے قانونی سزا دلوائی جائے گی۔ یہ کیس صرف تین گھنٹوں میں حل کرنے میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کاماریڈی ٹاؤن سرکل انسپکٹر چندرشیکھر ریڈی، ٹاؤن ایس آئی شری رام اور پولیس کانسٹیبلس وشواناتھ، وجے، راجو، نریش، روی، اور اشونی کو ضلع ایس پی ان کی ستائش کی۔