کاماریڈی میں بابو جگجیون رام کو خراج

   

کاماریڈی۔ 5؍اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ سابق نائب وزیر اعظم بابو جگجیون رام کی جینتی کے موقع پر ضلع کلکٹر آشیش سنگھوان، ایڈیشنل کلکٹر مدھو موہن، لائبری ادارہ کے چیرمین مددی چندراکانت ریڈی، آر ڈی او گیری، میونسپل چیرپرسن امارانی سرینواس، میونسپل کونسلرس اور بہوجن تنظیموں کے قائدین نے مشترکہ طور پر ان کی تصویر پر پھولوں کی مالا چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر میونسپل چیرپرسن اُومارانی سرینواس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بابو جگجیون رام کو محض تصاویر پر پھول مالا چڑھا کر حقیقی خراج نہیں بلکہ ان کے نظریات اور اصولوں پر عمل کرنا ہی ان کے لیے سچی عقیدت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جگجیون رام نے اپنی پوری زندگی سماج سے چھوا چھوت کے خاتمہ، مزدور طبقات کے حقوق کے تحفظ، مساوی کام کے لیے مساوی اجرت اور باوقار زندگی کے حصول کے لیے جدوجہد میں صرف کی۔انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں ان کے افکار کو اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ ایک منصفانہ اور مساوی معاشرہ قائم کیا جا سکے۔