کاماریڈی میں تین لاپتہ بہنوں میں دو کی نعشیں تالاب سے برآمد

   

ایک کی تلاش جاری ۔ دل دہلا دینے والا واقعہ ۔باپ پر ہی لڑکیوں کو تالاب میں ڈھکیلنے کا الزام
کاماریڈی، 7 مارچ (محمد جاوید علی) ضلع کاماریڈی میں پیش آئے افسوسناک واقعہ میں گزشتہ دو دنوں میں پانچ بچوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات کے درمیان اس سانحہ میں تین بہنوں کا معاملہ سامنے آیا، جن میں دو کی نعشیں تالاب سے برآمد ہوچکی ہیں جبکہ تیسری بچی کی تلاش جاری ہے۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ان لڑکیوں کے والد آٹو ڈرائیور اسماعیل نے مبینہ طور پر اپنی بیٹیوں کو تالاب میں دھکیل کر ہلاک کر دیا۔ کاماریڈی آر بی نگر کالونی کے ساکن اسماعیل کی تین بیٹیاں صفات (8 سال)، آیت (7 سال) اور مریم (5 سال) ہفتہ کی صبح لاپتہ ہوگئی تھیں۔ تینوں صبح والد کے ساتھ آٹو میں گھر سے نکلیں۔ والد نے ابتدا میں بیان دیا کہ انہوں نے بچیوں کو دوکان کے قریب اتارا اور خود کرایہ لینے چلے گئے، تاہم کچھ دیر بعد بچیوں کے نظر نہ آنے پر تشویش پیدا ہوئی۔ بعد ازاں تفتیش میں تالاب کی نشاندہی پر تلاش شروع ہوئی جس کے نتیجہ میں آیت اور مریم کی نعشیں ایک تالاب سے برآمد ہوئیں۔ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا جبکہ بڑی بہن صفات کی تلاش جاری ہے ۔ اسی دوران دو دیگر لڑکوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات بھی ہیں جن کے نام سنہادری (10 سال) اور کودندم وجئے (9 سال) بتائے گئے ہیں۔ دونوں لڑکے کل سے گھر سے باہر گئے اور تاحال واپس نہیں لوٹے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ اگر کسی کو ان سے متعلق کوئی اطلاع ہو تو فوری ان کے والدین یا قریبی پولیس اسٹیشن کو مطلع کریں۔