کاماریڈی۔ 5؍اکٹوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ کاماریڈی میں دسہرہ تہوار کے موقع پر نصف شب کو پیش آئے تصادم کے واقعہ نے شہر میں سنسنی پھیلائی گئی تھی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے معاملہ کو تحقیق کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر کے عدالتی ریمانڈ پر بھیج دیا گیا ہے۔کاماریڈی سب ڈویژن کے اے ایس پی چیتنیا ریڈی نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تفصیلات واقف کرواتے ہوئے بتایا کہ دسہرہ کی رات تقریباً 12 بجے پولیس کنٹرول روم کے ’100‘ نمبر پر ایک اطلاع موصول ہوئی تھی کہ دو گروہوں کے درمیان جھگڑا ہو رہا ہے اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی تو دیکھا کہ دونوں گروپوں میں شدید ہاتھا پائی ہورہی تھی۔انہوں نے بتایا کہ متعدد افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی تو پتہ چلا کہ کانچ کے شیشہ کے ٹکڑے سے حملہ کیا گیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ کَیتن اور پرفل نامی نوجوانوں پر سدھارتھ نامی شخص نے قدیم مخاصمت کے سبب شیشہ کے ٹکڑے سے حملہ کیا۔ اس واقعہ میں چار افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے ملزم سِدھارتھ کو گرفتار کر کے عدالتی تحویل میں دے دیا ہے۔ اے ایس پی چیتنیا ریڈی نے انتباہ دیا کہ قانون کے خلاف سرگرمیوں میں ملوث ہونے والوں کو کسی بھی صورت بخشا نہیں جائے گا۔ اس موقع پر ٹاؤن سرکل انسپکٹر نرہری اور دیگر پولیس عہدیدار بھی موجود تھے۔