کاماریڈی میں دو دن سے کورونا کا ایک بھی کیس نہیں

   

لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری ، ایک گاؤں میں 24 گھنٹے کا کرفیو
حیدرآباد۔/11 اپریل، ( سیاست نیوز) کاماریڈی ضلع میں گزشتہ دو دنوں کے دوران ایک بھی کورونا پازیٹو کیس منظر عام پر نہیں آیا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ 31 افراد کا کورونا ٹسٹ کیا گیا جو منفی پایا گیا ہے۔ مزید 21 افراد کے نمونے لیاب کو روانہ کئے گئے ہیں۔ ضلع میں اب تک صرف 10 پازیٹو کیس منظر عام پر آئے۔ دومکنڈہ اور یلاریڈی میں 14 دن تک کورنٹائن مکمل کرنے والے افراد کو ان کے مکان بھیج دیا گیا ہے۔ اس طرح ان دونوں مقامات پر کورنٹائن سنٹرس خالی ہوچکے ہیں۔ کاماریڈی شہر میں کورونا کا پازیٹو کیس منظر عام پر آنے کے بعد دیونی پلی علاقہ کو پولیس نے نو انٹری زون میں تبدیل کردیا ہے۔ ضلع میں لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے۔ ضلع میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 2755 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔ ’ جنتا کرفیو‘ سے لے کر آج تک 2585 ٹووہیلرس، 85 آٹوز اور 85 چار پہیوں والی گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس شویتا ریڈی نے بتایا کہ لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل آوری کی جارہی ہے۔ نظام آباد کے جکران پلی منڈل میں سرپنچ نے 24 گھنٹوں کے کرفیو کا رضاکارانہ طور پر اعلان کیا ہے۔ آج صبح سے کرفیو کا آغاز ہوگیا جو کل اتوار کی صبح 6 بجے تک جاری رہے گا۔ سرپنچ نے عوام سے کرفیو کے سلسلہ میں تعاون کی اپیل کی ہے۔