کاماریڈی ۔14 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنکرانتی تہوار کے موقع پر کاماریڈی ضلع پولیس دفتر کے احاطے میں شاندار اور پُرجوش تقاریب منعقد کی گئیں۔ ضلع سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ایم راجیش چندر کی قیادت میں ’’کائٹ فلائنگ فیسٹیول‘‘ نہایت جوش و خروش اور تہذیبی رنگ کے ساتھ منایا گیا، جس میں پولیس افسران، ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے آغاز پر ضلع ایس پی نے روایتی انداز میں بھوگی کی آگ روشن کی اور ضلع کے عوام و پولیس عملے کو سنکرانتی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ اس کے بعد کائٹ فلائنگ فیسٹیول کا اہتمام کیا گیا، جس میں ایڈیشنل ایس پی، کاماریڈی اے ایس پی، دیگر افسران و جوانوں نے اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ رنگ برنگی پتنگیں اڑاتے ہوئے تہوار کی خوشیاں منائیں۔ پولیس خاندانوں نے بھوگی کی آگ اور پتنگوں کی رنگینی کے درمیان تہذیبی جوش و مسرت کیساتھ تہوار کا لطف اٹھایا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ضلع ایس پی نے کہا کہ تہوار ہماری تہذیب اور روایات کی عکاسی کرتے ہیں اور اس طرح کے پروگرام پولیس خاندانوں کے درمیان اتحاد، بھائی چارے اور باہمی قربت کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل فرائض کی انجام دہی میں مصروف پولیس عملے کے لیے اس نوعیت کی سرگرمیاں ذہنی سکون اور نئی توانائی کا باعث بنتی ہیں۔انہوں نے پتنگ بازی کے دوران چائنیز مانجا یا نائلان ڈور کے استعمال سے سختی کے ساتھ گریز کرنے کی ہدایت دی اور خبردار کیا کہ یہ نہ صرف پرندوں بلکہ راہگیروں اور گاڑی سواروں کی جانوں کے لیے بھی سنگین خطرہ بن سکتی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ صرف سوتی دھاگہ استعمال کریں اور تہواروں کو خوشیوں کا ذریعہ بنائیں نہ کہ کسی حادثے کا سبب۔ضلع ایس پی نے کہا کہ پولیس محکمہ کا عزم ہے کہ ہر خاندان تہوار کے دنوںمیں محفوظ اور خوشحال رہے، اس لیے عوام کو روایات کے احترام کے ساتھ حفاظتی اصولوں کی پابندی کرنی چاہیے۔ اس پروگرام میں ایڈیشنل ایس پی (ایڈمن) کے نرسمہا ریڈی، کاماریڈی اے ایس پی چیتنیا ریڈی، آر آئیز سنتوش کمار اور کرشنا، آر ایس آئیز، ضلع پولیس عملہ اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی۔
