کاماریڈی میں کانگریس قائدین محروس

   

کاماریڈی : پردیش کانگریس کی اپیل پر آج حیدرآباد روانہ ہونے والے کانگریسی کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں محروس رکھا ۔ کانگریس قائدین محمد سراج الدین، احمد اللہ خان ، ارکان بلدیہ سید انور احمد، شیو کمار ، گنگادھرکے علاوہ دیگر کو پولیس نے گرفتار کرلیا جبکہ ضلع کانگریس صدر کے سرینواس رائو ، کانگریس قائدین محمد سرور ،ستیم و دیگر نے کل رات ہی حیدرآباد روانہ ہوگئے اور آج صبح دھرنا میں شرکت کی ۔ ضلع کانگریس صدر کے سرینواس رائو نے بتایا کہ پولیس جمہوری طور پر احتجاج کرنے والے کانگریسی قائدین کو گرفتار کرتے ہوئے ہٹ دھرمی کررہی ہے ۔ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے ٹیکسوں کے باعث ایندھن کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے ۔ جس سے عام آدمی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ مسٹر سرینواس رائو نے کہا کہ پردیش کانگریس کے صدر ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس پارٹی ریاست گیر سطح پر مرکزی ، ریاستی حکومتوں کے کیخلاف احتجاج جاری رکھے گی اور آئندہ دنوں میں دونوں حکومتوں کو بے دخل کرے گی ۔


کوہیر میں کانگریس قائدین کی
پولیس اسٹیشن منتقلی
کوہیر : ریاست تلنگانہ میں پٹرول ۔ ڈیزل اور پکوان گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کیخلاف کانگریس پارٹی صدر ٹی پی سی سی مسٹر رییونت ریڈی کی ہدایت پر آج کانگریس پارٹی قائدین نے چلو راج بھون پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا تھا کہ کوہیر پولیس نے 16جولائی کو صبح کی اولین ساعتوں میں ضلع پریشد رکن کوہیر منڈل رام داس ، سیدلائق احمد معاون رکن کوہیر منڈل ، جگدیش ریڈی سرپنچ کویلی ، محمد علیم الدین سابق ایم پی ٹی سی ، مرتضیٰ پٹیل ، محمد شوکت علی وارڈ ممبر دگوال ، محمد تحسین احمد ، کرشنا ایس سی لیڈر ، کویلی ، اکشے جاڑے ، محمد امان الیاس ، سمپت کمار نمائندہ ایم پی ٹی سی کوہیر کو گرفتار کرلیا اور پولیس اسٹیشن کوہیر روانہ کردیا ۔ بعدازاں صبح 10بجے رہا کردیا ۔ اس طرح کانگریس پارٹی کے چلو راج بھون پروگرام کو پولیس نے ناکام بنادیا ۔