کاماریڈی میں کورونا کے دوسرے مرحلے میں شدت

   

اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی موت پر ہلچل، عوام کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل کرنے کا مشورہ

کاماریڈی:کورونا کی دوسری وباء سے متاثر اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی آج موت واقع ہوگئی ہے ۔ متحدہ ضلع میں دن بہ دن کورونا کے دوسرے مرحلہ کی وباء میں شدت پیدا ہورہی ہے ۔ 24 گھنٹے کے درمیان 39 افراد کورونا سے متاثر نہیں ہوئے اور ہر روز ضلع میں 20 سے زائد افراد کرونا مثبت ظاہر ہورہے ہیں ۔ کاماریڈی ضلع میں اب تک 14 ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ نظام آباد ضلع میں اب تک 191048 افراد کے معائنہ کرنے پر 16577 افراد کرونا سے متاثر ہوئے ہیں اور نظام آباد میں ہر روز 30 سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں ۔ کاماریڈی ضلع کے اے آر ہیڈ کوارٹر رگھو ویندر گپتا 22 تاریخ سے سردی بخار میں مبتلا تھے اور کاماریڈی کے ایک خانگی دواخانہ میں زیر علاج تھے ان کی حالت تشویشناک ہونے پر انہیں حیدرآباد کے ٹمس ہاسپٹل میں گچی باولی منتقل کیا گیا تھا آج صبح فوت ہوگئے ہیں ۔ دوسرے مرحلہ کی وباء میں شدت کے بعد یہ پہلا کیس ہے اور سرکاری عہدیدار ہے اور کورونا کی وجہ سے فوت ہونے کے بعد محکمہ میں ہلچل پیدا ہوگئی ۔ ضلع کے مختلف مقامات پر ہر روز کسی نہ کسی مقام پر مثبت کیس ظاہر ہورہے ہیں اس کے باوجود بھی عوام کی جانب سے کوئی بھی احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیا جارہا ہے ۔ کاماریڈی کے کستور با گاندھی اقامتی اسکول میں بھی ایک ہفتہ قبل 32طا لبات کورونا سے متاثر ہوئے تھے اور اس کے بعد فوری انہیں کوارنٹائن کردیا گیا تھا ۔ کاماریڈی ضلع میں اب تک 50 ہزار سے زائد ٹسٹ کئے گئے جبکہ نظام آباد ضلع میں 89 ہزار کیسس معائنہ کئے گئے کرونا کے پہلے لہر کے موقع پر نظام آباد میں کوویڈ ہاسپٹل قائم کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر علاج کرنا شروع کیا گیا تھا اور آرٹی سی پی سی آر ٹسٹوں میں اضافہ کرتے ہوئے ہر دوسرے دن میں ریاپڈ ٹسٹ بھی کیا جارہا ہے ۔ حالات کو دیکھتے ہوئے حکومت کی جانب سے تعلیمی اداروں کو بند کرتے ہوئے عوام سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی خواہش کی جارہی ہے اور احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے کی صورت میں وباء میں شدت پیدا ہونے کے امکانات ظاہر ہورہے ہیں ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر رائو نے آج اسمبلی میں واضح طور پر اعلان کردیا کہ کسی بھی صورت میں لاک ڈائون نہیں کیا جائے گا جبکہ پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے چند اضلاع میں لاک ڈائون نافذ کیا گیا ہے اور ریاستی حکومت عوام کو انتباہ دیتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی خواہش کی ۔ لاک ڈائون نہ کرنے کے حکومت کے واضح اعلان کے بعد عوام کوئی احتیاطی تدابیر اختیار کرنا پڑیگا ورنہ حالات اور بھی سنگین ہوسکتے ہیں اور شادی بیاہ کی تقاریبات اور دیگر تقاریبات قواعد کے مطابق منعقد کریں تو بہتر ہوگا۔