کاماریڈی:6؍ ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس پارٹی 15؍ ستمبر کو کاماریڈی شہر میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کرنے جا رہی ہے جس میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے صدر ملکارجن کھرگے اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی سمیت قومی و ریاستی سطح کے سرکردہ قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ریاست بھر سے ایک لاکھ سے زائد افراد کو جلسہ گاہ تک لانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ اس جلسہ کا مقصد بی سی ڈیکلریشن کے تحت اعلان کردہ 42 فیصد ریزرویشن پر عمل درآمد اور اس کامیابی پر عوامی جشن منانا ہے۔ہفتہ کو حیدرآباد میں سرکاری مشیر محمد علی شبیر کی صدارت میں تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاستی وزراء پونگولیٹی سرینواس ریڈی، تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر مہیش کمار گوڑ اور انچارج وزیر سیتااکا نے شرکت کی۔ اتوار کے دن کاماریڈی میں بھی کانگریس قائدین اور کارکنوں کا اجلاس ہوگا جس میں جلسہ عام کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے بھی گزشتہ شب ٹیلی کانفرنس کے ذریعہ ریاستی صدر اور دیگر قائدین سے تبادلہ خیال کیا۔جلسہ عام میں کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، راہول گاندھی، کے سی وینوگوپال، وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی، کرناٹک کے وزیر اعلیٰ سدارامیا اور دیگر قومی قائدین کی شرکت متوقع ہے۔ کانگریس کا دعویٰ ہے کہ یہ جلسہ نہ صرف ریاست میں پارٹی کی طاقت کا مظاہرہ ہوگا بلکہ پسماندہ طبقات کو تحفظات کے نفاذ پر ایک تاریخی جشن بھی ہوگا۔