کاماٹی پورہ عصمت ریزی واقعہ پر وزیر داخلہ کا سخت نوٹ

   

کمشنر پولیس سے بات چیت، خاظیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 14 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو پرانے شہر میں 16 سالہ کمسن لڑکی کے اجتماعی عصمت ریزی میں ملوث خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ محمود علی نے اس واقعہ کے بارے میں کمشنر پولیس انجنی کمار سے معلومات حاصل کی ۔ انہوں نے اس واقعہ کی تیز رفتار تحقیقات کرتے ہوئے خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ کمسن لڑکی پر ظلم کرنے والے خاطیوں کو ہرگز بخشا نہ جائے اور پولیس کی کارروائی کچھ اس طرح ہو کہ انہیں قانون سے سخت سے سخت سزا ملے۔ واضح رہے کہ کاماٹی پورہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں 16 سالہ نابالغ لڑکی کے ساتھ اجتماعی عصمت ریزی کا واقعہ پیش آیا۔ 4 ماہ تک لڑکی کو دھمکیاں دے کر اس کا استحصال کیا گیا۔ گزشتہ ماہ والدین نے پولیس میں شکایت درج کی۔ 3 خاطیوں کو گرفتار کرلیا گیا ۔ ایک ملزم نے ویڈیو تیار کرتے ہوئے دوستوں کو روانہ کیا اور لڑکی کو بلیک میل کرتے ہوئے دوسرے ساتھیوں کے ساتھ جنسی استحصال کیا گیا۔ دیگر خاطیوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے لڑکی کے رشتہ داروں نے کل پولیس اسٹیشن کے روبرو دھرنا منظم کیا تھا۔ وزیر داخلہ نے لڑکیوں اور خواتین پر مظالم اور جنسی استحصال کے واقعات کے خلاف سخت کارروائی کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت امن و ضبط کی برقراری کے سلسلہ میں ملک بھر میں نمبر ون ہے۔ محمود علی نے کہا کہ جرائم پر قابو پانے کیلئے پولیس مستقبل میں سخت چوکسی اختیار کرے گی اور خاطیوں کے ساتھ سخت رویہ رہے گا تاکہ انہیں دوبارہ جرم کرنے سے باز رکھا جائے۔