کاما ریڈی ضلع میں جرائم پرکنٹرول، قتل اور سڑک حادثات میں نمایاں کمی: ایس پی

   

Ferty9 Clinic

کاماریڈی: 25 دسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کاماریڈی کو جرائم سے پاک بنانے اور امن و امان کے استحکام کے لیے پولیس کی جانب سے منصوبہ بند اور منظم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ بات کاماریڈی ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ راجیش چندرا نے سال 2024-25 کی سالانہ پولیس کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کی۔ انہوں نے بتایا کہ اس مدت کے دوران جائیداد سے متعلق 698 مقدمات، 34 قتل، 43 اغوا، 67 عصمت دری، 470 سڑک حادثات، 1315 دیگر آئی پی سی اور 550 خصوصی مقامی قوانین کے تحت مقدمات درج ہوئے جبکہ 492 گمشدگی کے معاملات سامنے آئے۔ گزشتہ سال کے مقابلے قتل کے مقدمات میں کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں 37 سے گھٹ کر 34 مقدمات درج ہوئے اور تمام مقدمات میں ملزمین کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔ایس پی مسٹر راجیش چندرا نے بتایا کہ جائیداد سے متعلق جرائم میں کمی کے ساتھ 47 فیصد مقدمات حل کیے گئے اور 40 فیصد مسروقہ مال برآمد کرکے متاثرین کے حوالے کیا گیا۔ خواتین سے متعلق جرائم میں بھی کمی دیکھی گئی جہاں 2024 میں 622 کے مقابلے 2025 میں 586 مقدمات درج ہوئے، جن میں گھریلو تشدد، جنسی ہراسانی، اغواء اور عصمت دری کے معاملات شامل ہیں۔ ڈی ایس سی دفاتر میں کونسلنگ، شی ٹیمس کی سرگرم کارروائیاں، انجام دے رہی ہے 1712 شعور بیداری پروگرام اور 3353 ہاٹ اسپاٹس کے دوروں کے ذریعے جرائم کی روک تھام کی گئی۔ سڑک حادثات میں بھی نمایاں کمی آئی، جہاں 2024 میں 525 حادثات کے مقابلے 2025 میں 442 حادثات درج ہوئے جبکہ اموات کی تعداد 262 سے گھٹ کر 200 رہ گئی، جو 24 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سائبر جرائم سے متاثرہ افراد کو لوک عدالت کے ذریعے ایک کروڑ سات لاکھ سے زائد رقم واپس دلائی گئی، جبکہ این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 23 مقدمات میں بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی گئیں اور سخت سزائیں دلوائی گئی۔ سی ای آئی آر پورٹل کے ذریعے اس سال 1722 گمشدہ موبائل فون برآمد کرکے متاثرین کے حوالے کیے گئے۔ڈائیل 100 پر موصولہ 41745 کالس پر فوری ردعمل دیا گیا، اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی نرسمہا ریڈی اے ایس پی کاماریڈی چیتنیا ریڈی ڈی ایس پی یلاریڈی سرینیواس راؤ کے علاوہ دیگر عہدے دار بھی موجود تھے۔