موسلادھار بارش کے پیش نظر پردیش کانگریس کمیٹی کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 12 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے 15 ستمبر کو کاما ریڈی میں بی سی ڈکلیریشن جلسہ عام کو ملتوی کردیا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ کے مطابق اضلاع میں موسلادھار بارش کے پیش نظر جلسہ عام کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور متعاقب تاریخ کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔ صورتحال کے معمول پر آنے کے بعد کاما ریڈی نے بی سی ڈکلیریشن جلسہ عام منعقد ہوگا ۔ پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کی فراہمی کے لئے ریاستی حکومت کے اقدامات سے عوام کو واقف کرانے کیلئے بڑے جلسہ عام کا فیصلہ کیا گیا تھا ۔ کانگریس نے انتخابی مہم کے دوران بی سی تحفظات کا ڈکلیریشن کاما ریڈی سے جاری کیا تھا ۔ جلسہ عام میں ملکارجن کھرگے ، راہول گاندھی اور چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا کو مدعو کرنے کا منصوبہ تھا ۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے جلسہ عام کی کامیابی کیلئے اسمبلی حلقہ جات کے انچارجس کے طور پر ریاستی وزراء کو مقرر کیا تھا۔ وزراء اور عوامی نمائندے پانچ اضلاع میں دورہ کرتے ہوئے عوام کو جلسہ عام میں شرکت کی ترغیب دے رہے تھے۔ اسمبلی انتخابات میں کاما ریڈی سے مقابلہ کرنے کے بعد ریونت ریڈی نے ایک مرتبہ بھی کاما ریڈی میں جلسہ عام نہیں کیا تھا ۔ بی سی تحفظات اور کاما ریڈی کے عوام سے رابطہ بحال کرنے کے مقصد سے چیف منسٹر نے جلسہ عام کا منصوبہ بنایا ہے ۔ پارٹی ذرائع کے مطابق 20 ستمبر کے بعد کسی تاریخ کا جلسہ عام کیلئے انتخاب کیا جائے گا۔ تلنگانہ بالخصوص نظام آباد ، کاما ریڈی ، میدک اور کریم نگر اضلاع میں مزید دو دن تک موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔1