’کامریڈ لال سلام‘ سدھاکر ریڈی کو چیف منسٹر ریونت ریڈی کا خراج

   

آنجہانی قائد کے نام سے کسی ادارہ کو موسوم کرنے کا اعلان، مخدوم بھون پہنچ کر خراج پیش کیا
حیدرآباد۔ 24 اگست (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ سی پی آئی لیڈر ایس سدھاکر ریڈی نے غریبوں کی بھلائی اور مسائل کے حل کیلئے اپنی زندگی وقف کردی۔ سدھاکر ریڈی نے طویل سیاسی کیریئر میں ہمیشہ غریبوں اور محنت کش طبقات کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد کی۔ ریونت ریڈی آج صبح مخدوم بھون پہنچے اور سدھاکر ریڈی کی ارتھی پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ چیف منسٹر نے تعزیتی کتاب میں پیام تعزیت تحریر کرتے ہوئے ’کامریڈ لال سلام‘ لکھا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ریاستی کابینہ میں سدھاکر ریڈی کے نام سے کسی سرکاری ادارہ کو موسوم کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہارٹیکلچر یونیورسٹی کو کونڈا لکشمن باپوجی اور پالمور رنگاریڈی لفٹ اریگیشن پراجکٹ کو جئے پال ریڈی کے نام سے موسوم کیا گیا اسی طرح سدھاکر ریڈی کے نام سے کسی ادارہ کو موسوم کیا جائے گا تاکہ ان کی یاد باقی رہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ان کی حکومت تلنگانہ عوام کیلئے نمایاں خدمات انجام دینے والوں کی یاد برقرار رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ سدھاکر ریڈی کی موت تلنگانہ کیلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ آنجہانی قائد نے دیانتداری و بہادری کے ساتھ کمیونسٹ نظریات کیلئے جہد کی تھی۔ آخری سانس تک وہ اصولوں پر قائم رہے۔ کمیونسٹ پارٹی ورکر سے ترقی کرکے وہ رکن پارلیمنٹ تک پہنچے۔ ان کی شخصیت میں انسانیت موجود تھی اور وہ تکبر سے پاک تھے۔ سدھاکر ریڈی کی درخواست پر حکومت نے تلگو یونیورسٹی کو ایس پرتاپ ریڈی کے نام سے موسوم کیا ۔ اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے نے بھی سدھاکر ریڈی کو خراج ادا کیا۔ 1