خرطوم، یکم جون (یو این آئی) مسٹر کامل ادریس نے سوڈان کے نئے وزیر اعظم کے طور پر حلف اٹھا لیا ہے ۔ مسٹر ادریس نے ہفتہ کو حکمران عبوری خودمختار کونسل کے سربراہ عبدالفتاح البرہان کی موجودگی میں حلف لیا۔کونسل نے ایک بیان میں کہا کہ حلف برداری کی تقریب کے بعد، مسٹر برہان اور کونسل کے دیگر ارکان نے مسٹر ادریس سے ملاقات کی اور حکومت کی ترجیحات پر تبادلہ خیال کیا، جن میں معیشت کو مستحکم کرنا، شہریوں کے ذریعہ معاش کا تحفظ اور ریاستوں میں امن و امان کی بحالی شامل ہے ۔غور طلب ہے کہ مسٹر ادریس کی بطور وزیر اعظم تقرری 19 مئی کو مسٹر برہان کے جاری کردہ ایک آئینی حکم نامے کے ذریعے کی گئی تھی۔ مسٹر برہان سوڈانی مسلح افواج کے کمانڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے ہیں۔ اس فیصلے کا اقوام متحدہ، افریقی یونین کمیشن اور انٹر گورنمنٹل اتھارٹی آن ڈویلپمنٹ (آئی جی اے ڈی) نے خیر مقدم کیا ہے ۔غور طلب ہے کہ اکتوبر 2021 میں مسٹربرہان کی قیادت میں فوجی بغاوت اور جنوری 2022 میں مسٹر عبداللہ حمدوک کے استعفیٰ کے بعد سے وزیر اعظم کا عہدہ خالی تھا۔ مسٹر حمدوک اور دیگر سویلین رہنماؤں کو مختصر وقت کے لئے حراست میں لیا گیا تھا۔ اس کے فوراً بعد انہوں نے عہدہ چھوڑ دیا تھا اور کہا تھا کہ سوڈان ایک ‘خطرناک موڑ’ پر ہے کیونکہ فوجی حکمرانی کے خلاف بڑے پیمانے پر مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔