نئی دہلی، 29 جنوری (یواین آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعرات کو لوک سبھا میں کہا کہ پارلیمنٹ نے 14 اور 16 جنوری کے درمیان کامن ویلتھ پارلیمنٹس کے اسپیکروں اور پریزائیڈنگ افسران کی 28ویں کانفرنس کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ یہ کانفرنس 16 سال بعد ہندوستان میں منعقد ہوئی۔مسٹر برلا نے ایوان کو کامن ویلتھ اسپیکرز اور پریزائیڈنگ آفیسرز کانفرنس 2026 کے کامیاب انعقاد کے بارے میں بتایا۔ مسٹر برلا نے کہا کہ 28ویں کانفرنس بہت کامیاب رہی۔ انہوں نے کہاکہ “مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ پارلیمنٹ نے 14 اور 16 جنوری کے درمیان کامن ویلتھ پارلیمنٹس کے اسپیکرز اور پریزائیڈنگ آفیسرز کی 28ویں کانفرنس کا کامیابی سے انعقاد کیا۔ یہ کانفرنس 16 سال بعد ہندوستان میں منعقد ہوئی”۔انہوں نے کہاکہ “کانفرنس کا افتتاح وزیر اعظم نریندر مودی نے 15 جنوری کو تاریخی ایوانِ دستور کے سینٹرل ہال میں کیا تھا۔ اس کانفرنس میں دولت مشترکہ کے 53 ممالک اور 14 نیم خودمختار پارلیمانوں کے اسپیکر اور پریزائیڈنگ آفیسرز اکٹھے ہوئے ہیں۔ مجھے آپ کو یہ بتاتے ہوئے انتہائی خوشی ہو رہی ہے کہ ریکارڈ 60 اسپیکر اور پریزائیڈنگ آفیسرز نے اس کانفرنس میں حصہ لیا۔