نئی دہلی۔ دفاعی چمپئن ہندوستان کی دولت مشترکہ کھیلوں کے بیڈمنٹن ایونٹ کے ناک آؤٹ مرحلے تک رسائی آسان ہوسکتی ہے کیونکہ اسے مکسڈ ٹیم ایونٹ کے گروپ ون میں آسٹریلیا، سری لنکا اور پاکستان کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔29 جولائی سے 8 اگست تک برمنگھم میں منعقد ہونے والے کامن ویلتھ گیمز کے بیڈمنٹن مقابلے میں مکسڈ ٹیم ایونٹ کے علاوہ انفرادی ایونٹس بھی ہوں گے۔مکسڈ ٹیم ایونٹ کا فائنل 2 اگست کو ہوگا۔مکسڈ ٹیم ایونٹ میں جملہ 16 ٹیمیں حصہ لیں گی اور انہیں چار ٹیموںکے چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر گروپ سے ٹاپ دو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں پہنچ جائیں گی۔نائیجیریا مئی کے شروع میں مقابلے سے دستبردار ہوگیا تھا جس کے بعد زامبیا کو متبادل کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔گولڈ کوسٹ میں گزشتہ دولت مشترکہ کھیلوں کے فائنل میں ہندوستان سے ہارنے والی پانچ بارکی چمپئن ملائیشیا کو گروپ فور میں جنوبی افریقہ، جمیکا اور زیمبیا کے ساتھ رکھا گیا ہے۔1966 کے بعد ٹیم ایونٹ میں پہلے آٹھ گولڈ میڈل جیتنے والی انگلینڈ کو گروپ ٹو میں سنگاپور، ماریشس اور بارباڈوس کے ساتھ رکھا گیا ہے جبکہ گروپ تھری میں کینیڈا، اسکاٹ لینڈ، مالدیپ اور یوگنڈا شامل ہیں۔ ٹیم مقابلہ مردوں اور خواتین کے سنگلز کے علاوہ تین ڈبلز (مینز ڈبلز، ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز) میں سے ہر ایک میں پانچ میچز پر مشتمل ہوگا۔