کامن ویلتھ گیمز میں شرکت نہ کرنے ہندوستان کا انتباہ

   

نئی دہلی ۔29 جولائی (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کی جانب سے دولت مشترکہ گیمز 2022 میں شرکت نہ کرنے کا معاملہ اس وقت مزید شدت اختیار کرگیا جب وزارت کھیل سے ان مقابلوں میں شرکت نہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں ہونے والے دولت مشترکہ گیمز 2022 سے شوٹنگ ایونٹ کو نکالنے کے معاملے پر ہندوستان نے گیمز میں شرکت نہ کرنے کی انتباہ دیا ہے۔خیال رہے کہ دولت مشترکہ گیمز میں شوٹنگ ایونٹ 1966 سے ہر سال منعقد ہوتا رہا ہے تاہم اس سال سہولیات نہ ہونے پر اسے 2022 میں ہونے والے مقابلوں میں شامل نہیں کیا جائے گا۔اس فیصلے کا اعلان گزشتہ برس ہوا تھا، تاہم ہندوستانی شوٹنگ فیڈریشن کی جانب سے کھیلوں کی بائیکاٹ کی تجویز پیش کی گئی تھی۔بائیکاٹ کے حوالے سے انڈین اولمپک اسوسی ایشن (آئی او اے) کے صدر نریندر بترا نے وزیر کھیل کرن ریجیجو کو مکتوب لکھ کر ملاقات کی خواہش کا اظہارکیا ہے جہاں وہ اپنے فیصلے سے اپنی وزارت کو آگاہ کر سکیں گے۔ نریندر بترا نے لکھا کہ ہم دولت مشترکہ گیمز 2022 میں حصہ نہ لے کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں گے۔اپنے خط میں انہوں نے مزید کہا کہ ہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس کا مشاہدہ کر رہے ہیں کہ کھیل کے جس حصے میں ہندوستان اپنی گرفت مضبوط کرلیتا ہے اور اچھی کارکردگی دکھاتا ہے تو اس کے قوانین ہی تبدیل کر دیے جاتے ہیں۔ نیز ہمیں لگتا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ اب ہم سخت سوالات کریں اور سخت موقف اختیار کریں۔ واضح رہے کہ آئی او اے کے صدر نریندر بترا اس وقت انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے صدر بھی ہیں۔ہندوستان نے گزشتہ برس دولت مشترکہ گیمز میں 16 گولڈ میڈلز حاصل کرکے میڈل فہرست میں تیسرے نمبر پر رہا تھا جس میں سے اس نے 7 گولڈ میڈلز شوٹنگ ایونٹ میں حاصل کیے تھے۔ نریندر بترا نے خدشہ ظاہر کیا کہ اگر شوٹنگ کا ایونٹ منعقد نہیں ہوتا تو ہندوستان 2022 کے مقابلوں میں5 ویں سے 8ویں نمبر پر ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ ہندوستانی اولمپک اسوسی ایشن نے کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن (سی جی ایف) کے روانڈا میں ہونے والے جنرل اسمبلی اجلاس میں بھی شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔