نئی دہلی ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) اولمپک میڈلسٹ گگن نارنگ نے بیان دیا کہ 2022ء کامن ویلتھ گیمس سے شوٹنگ مقابلوں کو نکال دینے کے باعث اس کھیل کی روح پر کچھ بھی اثر نہیں پڑے گا خاص طور پر چار سال میں ایک دفعہ منعقد ہونے والے مقابلوں سے ایک آدھ کھیل کے حذف کرنے سے کھلاڑی کی کارکردگی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ 2022ء کے کامن ویلتھ گیمس برمنگھم میں منعقد ہونے والے ہیں اور شوٹنگ مقابلوں کی عدم شمولیت سے ہندوستانی کھلاڑیوں میں مایوسی چھا گئی ہے۔ انڈین اولمپک اسوسی ایشن (IOA) نے ان مقابلوں کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔ نارنگ نے کہاکہ اس فیصلہ سے کھیل پر کچھ بھی منفی اثرات مرتب ہونے والے نہیں ہیں جس کی بہترین مثال کرکٹ ہے۔ کرکٹ نہ تو اولمپک کا حصہ ہے اور نہ ہی کامن ویلتھ گیمس کا۔ اس کے باوجود کرکٹ برابر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اسی طرح اسکوائش کی بھی مثال ہے جو مسلسل ترقی کی منزلوں کو طئے کر رہا ہے۔ نارنگ 2012ء لندن اولمپکس کے شوٹنگ مقابلوں کے برانز میڈلسٹ رہ چکے ہیں۔