کامیابی کا سہرا انڈر19 ورلڈ کپ کو جاتا ہے:کوہلی

   

نئی دہلی۔2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک ٹسٹ بیٹسمین اورہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی نے کامیابی کا سہرا اپنی کپتانی میں ملک کو انڈر 19 ورلڈ کپ چمپئن بنانے کو دیا ہے۔ کوہلی انڈر 19 ورلڈ کپ خطاب جیتنے کے بعد سرخیوں میں آئے تھے۔ ہندوستان نے کوہلی کی کپتانی میں سال 2008 میں ملائیشیا میں فروری مارچ میں انڈر 19 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ اس سے پہلے ہندوستان کی سینئر ٹیم نے مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں ستمبر2007 میں جنوبی افریقہ میں پہلا ٹی 20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ورلڈکپ فاتح سینئر ٹیم اور انڈر 19 کی ورلڈکپ فاتح ہندوستانی ٹیم کی دارالحکومت دہلی میں ایک ساتھ اعزازی تقریب ہوئی تھی جس میں دھونی اور کوہلی ایک ساتھ بیٹھے تھے۔ اگرچہ کوہلی اس وقت ہندوستانی ٹیم کے اسٹار کھلاڑیوں کے مقابلے بحث میں کہیں نہیں تھے لیکن اس باصلاحیت بیٹسمین نے اس کے بعد بیٹنگ میں ایک کے بعد ایک نئے ریکارڈ بنائے اور پھر دھونی کی جگہ تینوں فارمیٹ میں ہندوستانی ٹیم کے کپتان بنے۔ انڈر19 ورلڈ کپ نے کوہلی کی زندگی میں ایسی تبدیلی لائی کہ آج وہ دنیا کے عظیم ترین کھلاڑیوں کے زمرے میں شمار ہو گئے ہیں۔