کامیابی کیلئے وقت کی قدر اور محنت ضروری

   

٭ فیض عام ٹرسٹ کے زیراہتمام 9 ویں اور 10 ویں جماعت کے طلبہ کی کونسلنگ
٭ اختتامی اجلاس سے کشمیر کے ماہر تعلیم ایس ایم رضا اور دیگر کا خطاب

حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) زندگی میں کامیابی کے لئے بہترین شخصیت صبر و تحمل اور پابندی وقت بہت ضروری ہے۔ آج کے دور میں حالات اس قدر سنگین رُخ اختیار کرگئے ہیں کہ ہر کسی کو مستقبل پریشان کن نظر آتا ہے۔ ان حالات کا مقابلہ حصول تعلیم کے ذریعہ ہی کیا جاسکتا ہے۔ تعلیم ایک ایسا ہتھیار ہے جس کے ذریعہ تعصب، جانبداری، فرقہ پرستی، ملک دشمنی، مذہب و ذات پات کی بنیاد پر امتیازی سلوک جیسی سماجی بُرائیوں بلکہ بیماریوں کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار دفتر روزنامہ سیاست کے محبوب حسین جگر ہال کے آڈیٹوریم میں منعقدہ 9 ویں اور دسویں جماعت کے طلبہ کی کونسلنگ نشست سے خطاب کرتے ہوئے ممتاز شخصیتوں نے کیا۔ اس موقع پر فیض عام ٹرسٹ سے استفادہ کرنے والے طلباء و طالبات اور ان کے والدین و سرپرستوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ اس سیشن میں جموں و کشمیر کے ممتاز ماہر تعلیم ایس ایم رضا نے بطور خاص شرکت کی اور طلباء کو بتایا کہ وہ حصول تعلیم کے ذریعہ کیسے اپنے مستقبل کو روشن بناسکتے ہیں۔ واضح رہے کہ مسٹر ایس ایم رضا کو فیض عام ٹرسٹ نے مدعو کیا اور وہ مسلسل دو دن سے حیدرآباد، رنگاریڈی کے مختلف اسکولوں میں طلباء کی کونسلنگ کررہے ہیں۔ انھوں نے پرانا شہر کے اسکولوں کا بھی دورہ کیا۔ اس اختتامی اجلاس کی صدارت میر حیدر علی رکن مجلس عاملہ فیض عام ٹرسٹ نے کی جبکہ بین الاقوامی ٹرینر سید فہیم الدین اور محترمہ یاسمین احمد بھی موجود تھیں۔ اس موقع پر فیض عام ٹرسٹ کی ستائش کرتے ہوئے آئی اے ایس بننے کی تیاری کرنے والی ایک لڑکی نے کہاکہ کامیابی کے لئے اخلاقیات، تعلیم، بہترین ماحول اور اقتصادی حالت کا بہتر ہونا ضروری ہے۔ ہاں اگر کسی کی معاشی حالت بہتر بھی نہ ہو تو ہمیں فیض عام ٹرسٹ جیسا ادارہ ہماری مدد کرسکتا ہے۔ مقررین نے اپنے خطاب میں طلباء و طالبات کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم پر خصوصی توجہ مرکوز کریں اور یہ سوچیں کہ ہم غریب ہیں۔ حالانکہ غریب تو وہ ہوتے ہیں جو علم سے محروم رہتے ہیں۔ آپ لوگ محنت کیجئے کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔ واضح رہے کہ جناب ایس ایم رضا فیض عام ٹرسٹ کی سرگرمیوں سے کافی متاثر ہوئے اور فیض عام ٹرسٹ کی ٹیم کے ہمراہ ہی میں بطور خاص محترمہ مروت حسین، سید عبدالستار، محمد اعظم خاں اور دوسرے شامل تھے مختلف اسکولوں کے دورے کئے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین عمرہ کی ادائیگی کے لئے گئے ہوئے ہیں۔ ان کی قیادت میں فیض عام ٹرسٹ تقریباً 1500 ان طلباء و طالبات کی بھرپور مالی مدد کررہا ہے جو پرائمری اسکول سے لے کر پی جی کورس بشمول ایم بی بی ایس، انجینئرنگ، پیرا میڈیکل کورسیس، بزنس اڈمنسٹریشن اور آئی ٹی کورس کررہے ہیں۔ ساتھ ہی یہ ادارہ معذورین، بیواؤں اور مطلقہ خواتین کی بھی مدد کررہا ہے۔ رمضان المبارک میں بے شمار خاندانوں میں راشن کٹس کی بھی تقسیم عمل میں لاتا ہے۔ یہ تمام کام اس کے عطیہ دہندگان کی مدد سے طے پاتے ہیں۔