کامیاب قیادت مستحکم حکومت سرمایہ کاری کی کلید‘ کے ٹی آر

,

   

تلنگانہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی ریاست۔ ضلع رنگاریڈی پوکرنا کمپنی کا افتتاح ۔ ریاستی وزیر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 31 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : وزیر آئی ٹی و صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ صنعتی شعبہ کے معاملے میں تلنگانہ ملک بھر میں سرفہرست ہے ۔ سال 2015 سے ریاست میں ٹی ایس آئی پاس کے ذریعہ 2.20 لاکھ کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری ہوئی ہے ۔ ضلع رنگاریڈی میں میکاگوڑہ میں

Pokarna Engineered Stone Ltd.

کمپنی کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر وزراء سبیتا اندرا ریڈی ، ای دیاکر راؤ رکن پارلیمنٹ ، ایم سرینواس ریڈی رکن اسمبلی انجیا کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ میں کامیاب قیادت اور مستحکم حکومت ہونے کی وجہ سے سرمایہ کاری کرنے سرمایہ دار آگے آ رہے ہیں ۔ یہ دو چیزیں ممکن ہونے پر ہی ترقی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں اور تلنگانہ تیزی سے ترقی کرنے والی ریاست کا اعزاز پاچکی ہے جس سے ریاست میں روزگار کے مواقع فراہم ہورہے ہیں ۔ ریاست میں چیف منسٹر نے صنعتی شعبہ میں انقلابی اصلاحات کی ہے اور ٹی ایس آئی پاس جیسی پالیسی کو متعارف کرایا ہے جو ملک کی کسی ریاست میں موجود نہیں ہے ۔ اندرون 15 یوم صنعتوں کے قیام کیلئے منظوریاں دی جارہی ہیں ۔ دو ہفتوں میں منظوری حاصل نہ ہونے پر اس کو ڈمڈ اپدوڈ تصور کیا جاتا ہے ۔ صنعتوں کے قیام کے لیے معیاری برقی اور ضرورت کے مطابق پانی سربراہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کمپنی انتظامیہ کو مشورہ دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کریں ۔ اس کمپنی کے ذریعہ راست طور پر 500 افراد اور بالواسطہ طور پر 3000 افراد کو روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کمپنی کو مکمل تعاون و اشتراک فراہم کیا جائے گا ۔ کمپنی کے چیرمین گوتم چند نے تلنگانہ کی صنعتی پالیسی ٹی ایس آئی پاس کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مختصر عرصہ میں صنعتوں کے قیام کے لیے سنگل ونڈو سسٹم کے ذریعہ جو منظوریاں دی جارہی ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر صنعت کے ٹی آر کے تعاون سے ملک کا سب سے بڑا ماربل صنعت میکا گوڑہ میں قائم کیا گیا ہے ۔ گوتم چند نے کہا کہ اس پلانٹ کے ذریعہ سوپر جمبو ، جمبو سلابس کی پیداوار کی جائے گی ۔