کام کرنے والے قائد کو منتخب کرنے پر ہی ترقی ممکن

   

سنگاریڈی میں چنتا پربھاکر کی کامیابی کیلئے کوشش کریں،کارکنوں سے ہریش راؤ کی خواہش

سنگاریڈی 6 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کے مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین و کارکنان نے چنتا پربھاکر چیرمین تلنگانہ اسٹیٹ ہینڈلوم ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی قیادت میں ٹی ہریش راو وزیر فینانس کی قیامگاہ واقع حیدرآباد پہنچ کر بی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ آج بی آر ایس پارٹی میں شامل ہونے والوں میں اندرا ریڈی صدر کانگریس پارٹی کنڈہ پور ‘ انشکا اندراریڈی سرپنچ کنڈہ پور’ 7 وارڈ ممبرس ‘ سابق ایم پی ٹی سی پرکاشم’ سابق سرپنچ ایدو میلارم دسرتھ’ بی جے پی قائد و سابق ایم پی ٹی سی ملکاپور ٹی پروین کے علاہ مختلف یوتھ اسوسی ایشن سے وابستہ نوجوانان اور کارکنان شامل ہیں۔ کانگریس پارٹی ‘ بی جے پی اور دیگر تنظیموں کے قائدین و کارکنان کا ٹی ہریش راو وزیر فینانس نے بی آر ایس میں پارٹی کھنڈوا پہنا کر خیر مقدم کیا۔ اس موقع پر ہریش راو نے کہا کہ بی آر ایس حکومت کی کارکردگی دیکھ کر اور اس سے متاثر ہوکر دیگر پارٹی قائدین و کارکنان بی آر ایس میں شامل ہورہے ہیں ۔ کانگریس پارٹی قائدین و کارکنان کی بی آر ایس میں شمولیت سے حلقہ اسمبلی سنگاریڈی میں بی آر ایس کو مزید تقویت حاصل ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ چنتا پربھاکر کو 2018 انتخابات میں معمولی ووٹوں کے فرق سے شکست ہوئی لیکن چنتا پربھاکر گھر میں خاموش نھیں بیٹھے بلکہ گزشتہ ساڑھے چار سال سے مسلسل عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل کی یکسوئی اور حلقہ سنگاریڈی کی ترقی کے لیے سعی کی ہے۔ چنتا پربھاکر نے سنگاریڈی کی ترقی کے لیے فنڈس منظور کروائے عوام کام کرنے والے کو اپنا قائد منتخب کریں تاکہ تیز رفتار ترقی ہوسکے۔ انھوں نے بی آر ایس قائدین سے کہا کہ پارٹی امیدوار کی کامیابی کے لیے سخت محنت کریں۔ چنتا پربھاکر نے پارٹی میں شامل ہونے والے قائدین و کارکنان کا خیرمقدم کیا۔