کام کے بوجھ کے سبب صحت کے مسائل میں اضافہ

   

Ferty9 Clinic

ورزش میں کوتاہی نہ کرنے پولیس ملازمین سے خواہش ، میگا ہیلت کیمپ سے کمشنر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : صحت پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے ہر دن ایک گھنٹہ صحت و تندرستی کے لیے صرف کرنے کا پولیس کمشنر رچہ کنڈہ نے مشورہ دیا ۔ کمشنر رچہ کنڈہ پولیس مسٹر مہیش مرلی دھر بھگوت نے آج یہاں سی اے آر ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ میگا ہیلت کیمپ کا افتتاح کیا ۔ پولیس اسوسی ایشن کی جانب سے منعقد اس ہیلت کیمپ میں شہر کے کارپوریٹ ہاسپٹلس نے اپنا تعاون پیش کیا ۔ کیر اور اپولو ہاسپٹلس کے ماہرین کی نگرانی میں پولیس ملازمین کی طبی جانچ اور ان کی تشخیص کی گئی ۔ اس موقع پر کمشنر پولیس رچہ کنڈہ نے کہا کہ ہر دن بڑھتے کام کے بوجھ کے سبب ملازمین میں تناؤ اور دباؤ کی صورتحال پیدا ہورہی ہے جس کے سبب صحت متاثر ہوتی جارہی ہے اور صحت کے کئی مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دن میں کم از کم ایک گھنٹہ اپنی صحت کے لیے صرف کرنا چاہئے اور ورزش میں کوتاہی نہیں کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سال میں دو مرتبہ جسم کی مکمل جانچ کرواتے ہوئے کسی بھی بڑے مسئلہ کو روکا جاسکتا ہے اور قبل از وقت مسئلہ کا تدارک کیا جاسکتا ہے ۔ کمشنر رچہ کنڈہ نے کہا کہ سابق میں 600 افراد کے خون کے عطیہ کو کیمپ کے ذریعہ دیا گیا اور اس خون کے عطیہ کا کیمپ جو عنبرپیٹ میں منعقد کیا گیا تھا ۔ ریڈ کراس سوسائٹی کے حوالہ کیا گیا اور اس وقت ریاستی گورنر نے رچہ کنڈہ پولیس کو ایوارڈ بھی دیا تھا اور پولیس ملازمین کی خدمات کی ستائش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہر پولیس اسٹیشن میں شوگر اور بلڈ پریشر کی جانچ کے آلات رہنا چاہئے ۔ کمشنر پولیس نے کہا کہ ملازمین کی صحت ملازمین کے ہاتھ میں ہے اور انہوں نے ملازمین کو غذا پر بھی کنٹرول کرنے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کے 24 گھنٹوں میں اپنے لحاظ سے وقت کو تقسیم کرتے ہوئے کام ، آرام ، صحت ، ساتھیوں ، افراد خاندان ، سماجی خدمت کے علاوہ ورزش پر توجہ دینے کی تلقین کی ۔ اس ہیلت کیمپ میں کل 442 رجسٹریشن ہوئے ۔ جن میں قلب سے متعلق 77 افراد کی جانچ کی گئی اور 18 کو علاج کا مشورہ دیا گیا ۔ آرتھو پیڈیشن کے 60 کیسوں میں 6 کو علاج کے اور ای این ٹی کے 32 کیسوں میں 12 کو ڈینٹل کے 103 کیسوں میں 40 اور آنکھوں کے 180 کیسوں میں 25 کو علاج کے لیے بڑے ہاسپٹلس میں رجوع ہونے کا مشورہ دیا گیا۔ ان ہاسپٹلس میں پولیس کے آروگیہ بھدرتا اسکیم کے تحت مفت علاج ہوگا ۔ اس موقع پر پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے علاوہ ڈاکٹرز اور ماہرین موجود تھے ۔۔