کانسٹبلس کی بھرتیوں کیلئے منتخب افراد کی فہرست سے 1800 نام غائب!

   

۔300 منتخبہ امیدواروں کیخلاف مختلف جرائم کے ضمن میں فوجداری مقدمات زیرالتواء
حیدرآباد 14 جنوری (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں پولیس کانسٹبلس کی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لانے کے لئے منعقد ٹسٹ میں منتخبہ کانسٹبل امیدواروں کے منجملہ 300 منتخبہ امیدواروں کے مختلف کریمنل کیسیس میں ملوث پائے جانے کا انکشاف ہوا۔ بتایا جاتا ہے کہ امیدواروں کے انتخاب کا عمل مکمل ہونے کے بعد کی گئی تحقیقات میں امیدواروں کے مختلف کریمنل کیسیس میں ملوث پائے جانے کا پتہ چلا اور پولیس عہدیداروں کے مطابق منتخبہ 100 سے زاید امیدواروں نے اپنے کریمنل کیسیس کی تفصیلات کو راز میں رکھتے ہوئے صحیح اطلاعات فراہم نہیں کیں لیکن پولیس رکروٹمنٹ بورڈ عہدیداروں نے فنی معلومات کے ذریعہ 300 منتخبہ امیدواروں کے خلاف مختلف نوعیت کے مقدمات زیرالتواء رہنے کا مواد اکٹھا کیا۔ علاوہ ازیں پوکسو، قتل واقعات میں بھی بعض منتخبہ امیدوار بحیثیت ملزمین پائے جانے کا بھی پتہ چلایا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس تعلق سے تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی کی جانب سے آئندہ دو تین یوم میں کوئی قطعی فیصلہ کیا جائے گا۔ جبکہ کانسٹبل کی حیثیت سے منتخب ہوئے امیدوار ناسازی صحت اور سڑک حادثات میں زخمی ہونے کے پیش نظر پولیس ٹریننگ میں شرکت نہ کرنے والے 30 امیدواروں کو دوسرے بیاچ میں ٹریننگ دلوانے کے لئے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ کانسٹبل جائیدادوں کے لئے منتخبہ مرتب کردہ فہرست سے زایداز 1800 افراد (امیدواروں) کے نام غائب پائے جانے (حذف کردیئے جانے) سے متعلق بعض امیدواروں پر مشتمل ایک وفد نے گزشتہ دن ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس آفس پہونچ کر شکایت کی جس پر عہدیداروں نے امیدواروں کے خلاف مختلف نوعیت کے کیسیس پائے جانے سے واقف کرواتے ہوئے کہاکہ اس سلسلہ میں کمیٹی کوئی قطعی فیصلہ کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ اعلیٰ پولیس عہدیداروں کی جانب سے دیئے گئے تیقن کے باوجود بعض امیدواروں نے اس بات کا ادعا کیاکہ ہم پر پائے جانے والے کیسیس بہت پہلے ہی ختم ہوچکے ہیں اور اس سلسلہ میں مناسب دستاویزات منسلک نہ کئے جانے، میڈیکل ٹسٹ میں اہل نہ ہونے (ٹسٹ میں ناکام) جیسی بعض وجوہات کی وجہ سے امیدواروں کے نام منتخبہ فہرست میں شامل نہ رہنے کا پولیس عہدیداروں نے اظہار کیا ہے۔