بشیر باغ پر امیدواروں کا احتجاج ، چپ سے انتخاب کے طریقہ کو ختم کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد 18 اپریل (سیاست نیوز) محکمہ پولیس میں سب انسپکٹران اور پولیس کانسٹبلس کے تقررات کے لئے سینسر چپ کے استعمال کی برخاستگی پر امیدواروں نے احتجاج منظم کیا۔ ٹی جے ایس پارٹی سربراہ پروفیسر کودنڈا رام اور سابق رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی ایل رمنا کی صدارت میں بشیر باغ پریس کلب میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس کے فوری بعد امیدواروں نے بشیر باغ فلائی اوور کے قریب اچانک احتجاج شروع کردیا جس کی وجہ سے ہلکی سی کشیدگی پیدا ہوگئی۔ محکمہ پولیس میں شمولیت کے خواہاں امیدواروں کی جانب سے کثیر تعداد میں بشیر باغ علاقہ میں جمع ہونے کی اطلاع پر بھاری پولیس فورس بشمول کویک ری ایکشن ٹیم کو متعین کردیا گیا۔ احتجاجی امیدواروں نے انصاف کرو کے نعرے لگاتے ہوئے کہاکہ محکمہ پولیس میں تقررات کے لئے سینسر چپ کا استعمال کیا جارہا ہے۔ احتجاجیوں نے کہاکہ ریڈیو فریکوینسی آئیڈنٹیٹی (آر ایف آئی) پر مشتمل سینسر چپ کے استعمال کی وجہ سے امیدواروں کو فزیکل ٹسٹ کے دوران کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور ایونٹس میں شرکت کرنے کے باوجود بھی اُنھیں مثبت نتائج برآمد نہیں ہورہے ہیں۔ احتجاجیوں نے چپ سسٹم کو متعارف کرنے والے عہدیداروں کے خلاف فوجداری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
