ایک شخص آصف پر جان لیوا حملہ کے دوران ملزم ریاض زخمی ، پولیس تحویل میں زیرعلاج ، تفتیش جاری
نظام آباد: 19 ؍اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پولیس کانسٹبل پرمود کے قتل کے مرکزی ملزم ریاض عرب کے مبینہ انکاؤنٹر کے بارے میں افواہوں کی تردید کرتے ہوئے نظام آباد پولیس کمشنر سائی چیتنیہ نے کہا کہ ریاض زندہ ہے اور پولیس نے اس پر کوئی فائرنگ نہیں کی۔ کمشنر پولیس سائی چیتنیہ نے بتایا کہ ریاض کو شدید زخمی حالت میں پولیس نے حراست میں لیا ہے اور فوری اسپتال منتقل کرکے علاج کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاض پر پولیس کی جانب سے گولی نہیں چلائی گئی۔ وہ زندہ ہے اور علاج جاری ہے۔تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح نظام آباد ٹاؤن 6 پولیس حدود کے سارنگ پور میں ریاض نے ایک شخص آصف پر جان لیوا حملہ کی کوشش کی۔ اس دوران دونوں میں جھگڑا ہوا۔ جس میں ریاض اور آصف دونوں زخمی ہوگئے۔ اطلاع پر پہنچے پولیس اہلکاروں نے فوری کارروائی ریاض کو گرفتار کرلیا اور دونوں کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا۔پولیس کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ وہ افواہوں پر یقین نہ کریں۔ ریاض اس وقت پولیس تحویل میں ہے اور اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے، کمشنر پولیس نے کہاکہ نظام آباد پولیس کے مطابق، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کانسٹبل پرمود کے قتل کیس کی تفتیش جاری تھی اور ریاض کی گرفتاری کیلئے تلاشی مہم جا ری تھی۔ کل رات بھی پولیس نے ریاض کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی اور پولیس کو دیکھ کر فرار ہو رہا تھا پولیس نے فائرنگ بھی کی تھی لیکن یہ کنال میں چھلانگ لگا کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا ۔ ڈرون کی مدد سے علاقے میں پولیس تحقیقات کر رہی تھی اور علاقے کو پولیس کی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا تھا لیکن پولیس کو کوئی سراغ نہیں ملا تھا آج اسی علاقہ میں صبح سے پولیس سرگرم تھی اور اس کی تلاش کیلئے نیکسلائٹس کی تلاشی مہم کے انداز میں تلاش کر رہے تھے ۔بالاخر پولیس کے ہاتھ لگنے کی اطلاع ہے لیکن فائرنگ میں ہلاکت کی اطلاع کو پولیس نے افواہ قرار دیا ہے ۔