ہری دوار 26 جولائی (یو این آئی) ہریدوار میں کانوڑ میلہ کے اختتام کے بعد کانوڑیوں کے ذریعہ مختلف مقامات پر پلاسٹک کی تھیلیاں، جوتے ، چپل، کپڑے اور دیگر سامان چھوڑ دیا گیاجس کی وجہ سے پورے شہر میں کئی ہزار ٹن کچرا جمع ہوگیا ہے ، جس کی صفائی کے لیے ضلع انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی ہے ۔آج تمام محکموں کے انتظامی افسران اور رضاکار تنظیموں کے ذریعے پورے ضلع میں صفائی مہم چلائی گئی اور کچرا اٹھایا گیا۔ خاص طور پر گھاٹوں کی صفائی کی مہم شروع کی گئی جو کئی دنوں تک جاری رہے گی۔ضلع مجسٹریٹ میور دکشٹ نے کہا کہ انتظامیہ نے کانوڑ میلہ شروع ہونے سے پہلے ہی صفائی مہم شروع کر دی تھی اور یہ مہم بعد میں بھی جاری ہے ۔
امرناتھ یاتریوں کا ایک اور قافلہ روانہ
جموں26جولائی (یو این آئی) شری امرناتھ جی یاترا بحسن و خوبی جاری رہتے ہوئے ہفتے کی صبح 2 ہزار 3 سو 24 یاتریوں کا ایک اور قافلہ سخت سیکورٹی حصار میں کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بھگوتی نگر بیس کیمپ سے ہفتے کی صبح 2 ہزار 3 سو 24 یاتریوں کا ایک اور قافلہ 92 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سخت سیکورٹی حصار میں کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ان یاتریوں میں سے 1 ہزار 5 سو 83 یاتری وسطی ضلع گاندر بل میں واقع بالتل بیس کیمپ جبکہ 7 سو 41 یاتری جنوبی ضلع اننت ناگ میں واقع ننون پہلگام بیس کیمپ کے لئے روانہ ہوئے ۔