کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کو فوری منسوخ کرنے کا مطالبہ

   

مرکزی و ریاستی حکومتوں کی خاموشی پر یکم ستمبر سے احتجاج میں شدت، ملازمین یونینوں کا انتباہ
حیدرآباد 25 اگسٹ (سیاست نیوز) ریاستی سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس کے لئے ’’کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم‘‘ کو منسوخ کرنے کا ریاستی سرکاری ملازمین اساتذہ اور ورکرس یونین قائدین نے مرکزی اور ریاستی حکومت تلنگانہ سے پرزور مطالبہ کیا بصورت دیگر اس مطالبہ پر یکم ستمبر سے ایک انوکھے انداز کا احتجاج منظم کرنے کا انتباہ دیا۔ مسٹر ڈی کملاکر صدر تلنگانہ کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم اساتذہ و سرکاری ملازمین یونین نے کہاکہ کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کو منسوخ کرنے کے لئے احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔ آج تلنگانہ کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم اساتذہ و سرکاری ملازمین یونین کی عاملہ کے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی و ریاستی حکومتوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مسٹر کملاکر نے کہاکہ کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کو منسوخ نہ کرنے کے ارادہ کو فی الفور مرکزی و ریاستی حکومتیں ترک کرکے سابق پنشن اسکیم کو روبہ عمل لانے کا مطالبہ کیا۔ انھوں نے حکومتوں سے اسکیم کو اپنی ’’انا‘‘ یا ’’وقار‘‘ کا مسئلہ ہرگز نہیں بنانا چاہئے کیوں کہ یہ مسئلہ بالکلیہ طور پر حکومتوں میں خدمات انجام دینے والے ریاستی و مرکزی ملازمین کا معاملہ ہے لہذا ریاستی و مرکزی حکومت کو چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں اپنی فراخدلی کا مظاہرہ کرکے ملازمین و اساتذہ اور ورکرس کے لئے سال 2002 ء سے روبہ عمل لائے جانے والے اسکیم کو منسوخ کرکے پنشن اسکیم کو روبہ عمل لانے کیلئے عاجلانہ فیصلہ کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ اگر مرکزی و ریاستی حکومتیں سرکاری ملازمین و اساتذہ کے اس منصفانہ مطالبہ پر سخت گیر موقف برقرار رکھنے کی صورت میں ریاستی سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس بھی خاموشی و چین کے ساتھ نہیں رہیں گے بلکہ اپنے احتجاج میں مزید شدت پیدا کرکے ریاستی نظم و نسق کے ساتھ عدم تعاون کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوں گے۔ مسٹر کملاکر نے مزید کہاکہ سرکاری ملازمین و اساتذہ اور ورکرس کے لئے اسکیم کے معاملہ میں مرکزی و ریاستی حکومتیں اس مسئلہ پر ٹال مٹول کی پالیسی اختیار کرکے بالکلیہ طور پر نظرانداز کررہی ہے جس کے پیش نظر ریاست بھر میں تمام اضلاع کے سرکاری ملازمین، اساتذہ اور ورکرس ایک گھنٹہ زائد کام کرکے اپنا احتجاج درج کروارہے ہیں۔ اس اجلاس سے یونین جنرل سکریٹری اور پبلسٹی سکریٹری مسرس سی بھوپتی راؤ اور ایم رگھونندن نے بھی مخاطب کیا اور اس اجلاس میں سرکاری ملازمین و اساتذہ اور ورکرس کیلئے کانٹریبیوٹری پنشن اسکیم کو منسوخ کرنے اور فی الفور سابقہ پنشن اسکیم کو ہی بحال کرنے کا مرکزی و ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کرتے ہوئے قرارداد منظور کی گئی۔