کانپور:ایم ایل سی کے ٹھکانوں پر آئی ٹی تحقیقات مکمل

   

کانپور: اترپردیش سماج وادی پارٹی(ایس پی) ایم ایل سی پشپ راج جین عرف پمپی کے قنوج اور کانپور کے ٹھکانوں پر انکم ٹیکس کی چھاپے ماری اور تحقیقات تقریبا پوری ہوگئی ہے ۔ منگل کو جین کے کانپور واقع رہائش گاہ سے پولیس کا پہرہ ہٹا دیا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ پیر کو کانپور کے کئی ٹھکانوں پر جانچ کے بعد دیر رات ایم ایل سی کو آئی ٹی کی ٹیم قنوج واپس لے گئی تھی۔ منگل کو قنوج میں ان کی رہائش اور دیگر مقامات سے پولیس کا پہرہ ہٹا دیا گیا ہے ۔ مانا جارہا ہاے کہ آئی ٹی کی ٹیم جانچ پوری کر کے اب محکمہ جاتی کاروائی میں مشغول ہوگئی ہے ۔سماج وادی عطر لانچ کرنے والے کاروباری ’پمپی‘ کے قنوج میں انکم ٹیکس چوری کے معاملے میں چار دن قبل جمعہ کو انکم ٹیکس کی ٹیم نے چھاپے ماری کی تھی۔ ایس پی ایم ایل سی کے قنوج سمیت دیگر شہروں میں 35ٹھکانوں پر ایک ساتھ شروع ہوئی جانچ کاروائی کے دوران بوگس کمپنیوں کے ذریعہ کروڑوں کی ٹیکس چوری کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ساتھ ہی نقدی اور آمدنی کے دیگر ذرائع کا انکم ٹیکس کوپتہ چلاہے ۔ذرائع کی مانیں تو کانپور میں جانچ کے دوران ٹیم کو بیرون ممالک سے لین دین اور فرضی کمپنیوں کے لین دین کی بھی بات سامنے آئی ہے ۔ان تمام کے درمیان ایم ایل سی پمپی جین کے بھائی سے کاروائی کے سلسلے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ پوری جانچ کے بارے میں دو دن بعد بتائیں گے ۔ کاروائی کے دوران آئی ٹی کی ٹیم کو کیا ملا ہے اس سوال پر انہوں نے کہا کہ وہ سب بتائیں گے لیکن کچھ وقت دیجئے ۔ملحوظ رہے کہ پیر کو انکم ٹیکس کی ٹیم ایم ایل سی کو لے کر کانپور پہنچی تھی اور چھوٹے بھائی انوپ جین کے فلیٹ میں دستاویزات کی جانچ کی تھی ،جانچ پوری ہونے کے بعد دیر رات ایم ایل سی کو واپس قنوج لے آئی تھی۔