کانپور میں زہریلی شراب پینے سے دو افراد کی موت،چھ کی حالت نازک

,

   

کانپور،12اپریل(سیاست ڈاٹ کام )اترپردیش میں کانپور کے سجیتی علاقے میں اتوار کو زہریلی شراب پینے سے دو لوگوں کی موت ہوگئی اور گرام پردھان سمیت چھ لوگ شدید طورپر بیمار ہوگئے ۔پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ ہفتے کی رات شراب پینے سے آٹھ لوگوں کی طبیعت بگڑ گئی۔جلدی میں اتوار کی صبح سبھی کو اسپتال لے جایا گیا جہاں دو لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ چھ لوگوں کو نازک حالت میں اسپتال میں داخل کرایاگیاہے ۔انہوں نے بتایا کہ سجیتی کے موئی بھچھن گاؤں کا رہنے والا ٹرک ڈرائیور انوپ سچان شراب لے کر آیا تھا۔دیر رات انوپ نے اپنے ساتھ پتن ،لال جی وشو کرما،ویویک وشوکرما،پرنس ،انکت سچان،رمن سچان اور گرام پردھان رندھیر سنگھ کے ساتھ ملک کر شراب پی۔تھوڑی دیر میں سب کی طبیعت بگڑنے لگی ۔گھروالے انہیں گاؤں کے ڈاکٹر کے پاس لے گئے اور بعد میں گھاٹم پور میں داخل کرایا۔ذرائع نے بتایا کہ حالت بگڑنے پر اتوار کی صبح سبھی کو نازک حالت میں کانپور ہیلٹ اسپتال میں داخل کرایاگیا جہاں ڈاکٹروں نے انوپ اور انکت سچان کو مردہ قرار دے دیا اور دیگر سبھی کا علاج جاری ہے ۔سینئر پولیس سپرنٹنڈنٹ اننت دیو تیواری نے بتایا کہ دو افراد کی موت کی اطلاع ملی ہے اور دیگر سبھی کا علاج چل رہاہے ۔ڈاکٹروں کے مطابق سبھی خطرے سے باہر ہیں۔انوپ کی موت ہو چکی ہے ،اس لئے فی الحال یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ وہ شراب کہاں سے لایا تھا۔اس واقعہ کے بعد پولیس نے جانچ شروع کردی ہے ،سبھی تھانہ علاقوں کو الرٹ کردیاگیاہے ۔