کانپور میں گرفتار مسلم نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ

   

اُترپردیش حکومت اور پولیس زیادتی کے خلاف عادل آباد میں احتجاج
عادل آباد۔ 21 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست اترپردیش کے ضلع کانپور میں چند دن قبل محسن انسانیت حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت کا اظہار کرنے والے 25 مسلم نوجوانوں کو پولیس کی جانب سے بغیر ضمانت گرفتار کرتے ہوئے جیل روانہ کرنے کے خلاف مستقر عادل آباد میں جاوا JAWA تنظیم چیرمین فیاض احمد شجیع کی جانب سے اُردو گھر شادی خانہ، پتلی باؤلی میں اترپردیش حکومت اور پولیس زیادتی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔مستقر عادل آباد کے مختلف محلہ جات سے تعلق رکھنے والے مسلم نوجوان اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ تھامے ہوئے نبی ٔرحمت حضرت محمد ﷺ سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے رسول اللہؐ کی شان میں جہاں ایک طرف نعرے بلند کررہے تھے، وہیں دوسری طرف کانپور میں گرفتار کردہ 25 نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کررہے تھے۔ اس موقع پر سید ساجد الدین، سراج قادری، جاوا تنظیم چیرمین محمد فیاض احمد شجیع کے علاوہ زہرہ مسجد کے امام خطیب مولانا ذاکر، ختم نبوت صدر فیضی سردار نے بھی اپنے خطاب میں کانپور پولیس کی زیادتی پر سخت تنقید کرتے ہوئے گرفتار کردہ مسلم 25 نوجوانوں کی فوری طور پر رہائی کا مطالبہ کیا۔ جبکہ اس احتجاج میں مجلس صدر نظیر احمد ، امن فاؤنڈیشن صدر عرفات خان، ڈاکٹر سلیم، مجلسی قائد عنایت علی، عبدالقیوم سید، فیاض احمد، مسجد خضریٰ صدر خلیل احمد اُمید فاؤنڈیشن صدر عبدالعزیز، محمد غوث ایڈوکیٹ، محمد رفیع، مسجد زہرہ صدر ایوب خان، نور خان کے علاوہ دیگر موجود تھے۔