وزیر اعظم مودی کا الزام، جھارکھنڈ میں 6 وندے بھارت ٹرینوں کو جھنڈی دکھائی
رانچی: وزیر اعظم نریندر مودی نے جھارکھنڈ کے دارالحکومت رانچی میں 6 وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائی۔ ان میں سے ایک ٹرین ٹاٹا نگر سے پٹنہ تک چلائی جائے گی۔ مودی نے ان ٹرینوں کو آن لائن ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا اور اس موقع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے جھارکھنڈ میں 660 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مختلف ریلوے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر پردھان منتری آواس یوجنا۔گرامین (پی ایم اے وائی-جی) کے تحت 32 ہزار مستحقین کو منظوری نامے بھی تقسیم کیے۔ مودی نے یاد دلایا کہ پہلے ترقی صرف چند ریاستوں تک محدود تھی اور اب ’سب کا ساتھ سب کا وکاس‘ کی پالیسی نے ملک کی سوچ بدل دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ اب ہر شہر اور ریاست وندے بھارت ٹرینوں کا خواہاں ہے۔وزیر اعظم نے ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر زور دیا اور مختلف پراجکٹس کا ذکر کیا جن میں مدھوپور بائی پاس لائن، ہزاری باغ ٹاؤن کوچنگ ڈپو، اور کرکورا۔کناروان لائن کی دوگنا کرنے کی اسکیم شامل ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ جھارکھنڈ کو اس سال کے بجٹ میں 7000 کروڑ روپے دیے گئے ہیں، جو پچھلے 10 سالوں کے مقابلے میں 16 گنا زیادہ ہے۔جھارکھنڈ کے گورنر سنتوش گنگوار اور مرکزی وزیر زراعت و کسانوں کی بہبود شیوراج سنگھ چوہان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اعظم مودی نے اختتام پر معذرت خواہانہ انداز میں کہا کہ خراب موسم کی وجہ سے وہ مقام پر نہیں پہنچ سکے لیکن ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پراجکٹس کا افتتاح کیا۔جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات سے پہلے، وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار15 ستمبرکو جمشید پور کے گوپال میدان میں بی جے پی پریورتن مہارالی سے خطاب کرتے ہوئے بی جے پی کی انتخابی مہم کا عملاًآغاز کردیا۔انہوں نے جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کی زیر قیادت ہیمنت سورین حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ جھارکھنڈ کے تین سب سے بڑے دشمن ہیں – جے ایم ایم، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) اور کانگریس۔