بی جے پی کے ساڑھے چار سالہ اقتدار میں عوام کو 5,80,000 کروڑ روپئے دیئے گئے ، پرواسی کنونشن سے وزیراعظم مودی کا خطاب
واراناسی ۔22 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آج کہا کہ اس پارٹی نے طویل عرصہ تک حکمرانی کے باوجود رشوت ستانی کے خاتمہ کیلئے کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی حالانکہ اس کے ایک سابق وزیراعظم اس لعنت کی نشاندہی کرچکے تھے ۔ اس کے برخلاف موجودہ بی جے پی حکومت اپنے اقتدار کے ساڑھے چار سال میں 85 فیصد رشوت ، لوٹ کھسوٹ کا خاتمہ کرچکی ہے ۔ مودی نے راجیوگاندھی کا نام لئے بغیر ایک سابق وزیراعظم کے اس ریمارک کا حوالہ دیا کہ حکومت کی طرف سے جاری کیا جانے والے ہر ایک روپئے سے صرف 15 پیسے ہی عوام تک پہونچ سکتے ہیں لیکن کانگریس کی حکومتوں نے اس لوٹ کھسوٹ کو روکنے کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ مودی نے کہاکہ مختلف اسکیمات کے تحت ان کی حکومت تاحال 5,80,000 کروڑ روپئے عوام کو دے چکی ہے ۔ وزیراعظم نے اپنے حلقہ انتخاب واراناسی میں 15 ویں پرواسی بھارتیہ دیوس کنونشن کے افتتاح کے موقع پر غیرمقیم ہندوستانیوں اور ہندوستانی نژاد افراد سے خطاب کرتے ہوئے غیرمقیم ہندوستانیوں کو ہندوستان کے برینڈ ایمبسیڈرس قرار دیا اور کہاکہ وہ (این آر آئیز ) ہندوستانی صلاحیتوں کی علامت ہیں۔ انھوں نے کہاکہ حکومت اس ذہنیت کو بدل چکی ہے جس میں سمجھا جاتا تھا کہ ہندوستان کو بدلا نہیں جاسکتا ۔وزیراعظم کے خطاب کے موقع پر کنونشن میں ماریشیس کے وزیراعظم پراوند جگناتھ ، وزیر خارجہ سشما سوراج ، اُترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ ، ہریانہ کے چیف منسٹر منوہر لال کھتر ، اُترکھنڈ کے چیف منسٹر تریویندر سنگھ راوت ، اُترپردیش کے گورنر رام ناتھ اور مملکتی وزیر خارجہ وی کے سنگھ بھی موجود تھے ۔ مودی نے کہاکہ ہندوستان کی خدمات و کارناموں بالخصوص تحفظ ماحولیات میں اس کے رول کا بین الاقوامی سطح پر اعتراف کیا جائے گا ۔ طنزیہ فقروں کے ذریعہ کانگریس پر چپت لگاتے ہوئے مودی نے کہاکہ اُس ( کانگریس) کو مرض کاپتہ چل چکا تھا ۔ وہ مرض کا اعتراف کرچکی تھی لیکن نہ تو اس کا کوئی علاج کیاگیا اور نہ ہی اس کے بارے میں کچھ سونچا گیا ۔ ملک کا اوسط بڑی ایمانداری سے ٹیکس ادا کرتا رہا اور 85 فیصد رقومات کی لوٹ کھسوٹ جاری رہی ۔ مودی نے دعویٰ کیا کہ ان کی بی جے پی حکومت تاحال اپنے اقتدار کے ساڑھے چار سال کے دوران عوام کو 5,80,000 کروڑ روپئے دے چکی ہے ۔ ان 7 کروڑ فرض افراد کی شناخت کی گئی جن کا صرف کاغذی وجود تھا اور وہ سرکاری اسکیمات کے فوائد ہڑپ رہے تھے ۔ مودی نے اپنے روایتی انداز میں کہا کہ ’’ذرا اس بات پر غور کیجئے ۔ برطانیہ ، فرانس ، اٹلی جیسے کئی ممالک کی آبادی سے زائد افراد کا ہمارے پاس صرف کاغذوں پروجود ہے جو سرکاری اسکیمات کے فوائد سے مستفید ہورہے تھے ‘‘۔ ماریشیس کے وزیراعظم پرواند جگناتھ نے بھی اس کنونشن سے خطاب کیا ۔ انھو ںنے وزیراعظم کی ہنرمند ہندوستان ، بیٹی بچاؤ ۔ بیٹی پڑھاؤ وغیرہ جیسی مختلف اسکیمات کی ستائش کی ۔