کانگریس۔ این سی پی چیف منسٹر امیدوار کی تائید : ادھو

   

ممبئی: شیوسینا (یو بی ٹی) سربراہ اْدھو ٹھاکرے نے آج کہا کہ وہ مہاراشٹرا کو بچانے اتحادی کانگریس یا این سی پی(ایس پی) کے معلنہ کسی بھی امیدوار ِ چیف منسٹری کی تائید کریں گے۔ ایک تقریب سے خطاب میں سابق چیف منسٹر نے حکومت مہاراشٹرا پر الزام عائد کیا کہ وہ اسمبلی الیکشن سے قبل اشتہارات کے ذریعہ ریاست میں جھوٹا پروپگنڈہ کر رہی ہے۔ حکومت کی لڑکی بہن اسکیم پر طنز کرتے ہوئے جس کے تحت ریاست میں اہل عورتوں کو 1500 روپے ملیں گے‘ اْدھو ٹھاکرے نے کہا کہ حکومت اسکیم کے ذریعہ عوام کا پیسہ عوام کو دے کر مہاراشٹرا دھرما سے دغا کرنے کی کوشش میں ہے۔ 288 رکنی مہاراشٹرا اسمبلی کیلئے امکان ہے کہ الیکشن آئندہ ماہ ہوگا۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ میری پارٹی‘ مہاراشٹرا کو بچانے کانگریس یا این سی پی(ایس پی) کے معلنہ امیدوار ِ چیف منسٹری کی تائید کرے گی۔