کانگریس ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر کے اجلاس کا بائیکاٹ کیا

   

بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس پر دھاندلیوں کا الزام
حیدرآباد ۔18۔ فروری (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے بلدی انتخابات کے بعد آج پرگتی بھون میں میونسپل کمشنرس، میئرس اور صدورنشین کا اجلاس طلب کیا۔ کانگریس ارکان اسمبلی نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی جانب سے بے قاعدگیوں ، دولت ، شراب اور اقتدار کے استعمال کے ذریعہ کامیابی کا الزام عائد کیا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات میں جانبداری کا مظاہرہ کیا۔ مذکورہ وجوہات کے پیش نظر کانگریس ارکان اسمبلی نے اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ۔ حکومت نے اجلاس میں شرکت کے لئے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور ارکان اسمبلی جگا ریڈی ، سریدھر بابو ، کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی ، سیتکا اور پی ویریا کو مدعو کیا تھا۔ متعلقہ ضلع کلکٹرس کے ذریعہ فون پر ارکان اسمبلی کو شرکت کی دعوت دی گئی۔ کانگریس ارکان اسمبلی نے کہا کہ اجلاس میں شرکت سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا ، لہذا وہ اجلاس کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ پرگتی بھون میں منعقدہ کسی اجلاس میں کانگریس ارکان اسمبلی کو مدعو کرنا پہلی مرتبہ دیکھا گیا ہے ۔ اس سے قبل کسی بھی اجلاس میں کانگریس کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی ۔ مجالس مقامی کے انتخابات میں ٹی آر ایس نے واضح اکثریت حاصل کرلی ہے جبکہ کانگریس کا الزام ہے کہ بے قاعدگیوں کے ذریعہ یہ کامیابی حاصل کی گئی ۔