کانگریس ارکان اسمبلی کی گرفتاریوں کے خلاف ہائی کورٹ میں سماعت

   

پولیس کی جانب سے حلف نامہ داخل، آئندہ سماعت 26 جون کو مقرر
حیدرآباد۔ تلنگانہ ہائی کورٹ کو پولیس نے اطلاع دی ہے کہ انہوں نے کانگریس ارکان اسمبلی کے حقوق اور مراعات میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی ہے۔ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس راجیو رتن نے حلف نامہ داخل کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ پولیس کی جانب سے کانگریس ارکان اسمبلی کی سرگرمیوں میں کوئی رکاوٹ پیدا نہیں کی گئی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور بعض دیگر ارکان اسمبلی نے عدالت میں درخواست دائر کرتے ہوئے تلنگانہ پولیس کی جانب سے حالیہ عرصہ میں تین مرتبہ گرفتار اور گھروں پر محروس رکھنے کی شکایت کی۔ جسٹس ٹی ونود کمار نے معاملہ کی آئندہ سماعت 26جون کو مقرر کی ہے۔ کانگریس ارکان مقننہ نے الزام عائد کیا کہ پولیس برسراقتدار پارٹی کی ایماء پر اپوزیشن قائدین کو روک رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین کو عوام سے ملاقات کا موقع نہیں دیا جارہا ہے اور نہ ہی غریبوں میں اناج اور ترکاری کی تقسیم کی اجازت ہے۔ پولیس نے اپنے حلف نامہ میں کہا کہ ایسے قائدین جنہوں نے کوویڈ 19 قواعد کی خلاف ورزی کا اعلان کیا انہیں گھروں تک محدود رکھا گیا جو پولیس کی ڈیوٹی کا حصہ ہے۔ لاک ڈاؤن قواعد کے نفاذ کیلئے یہ قدم اٹھانا پڑا ۔ سی آر پی سی کے سیکشن 151کے تحت مرکزی وزارت صحت کے گائیڈ لائنس کے مطابق یہ کارروائی کی گئی۔