کانگریس ارکان اسمبلی کی گورنر سوندرا راجن کو یادداشت کی پیشکشی

   

پولیس پر ٹی آر ایس کے اشارہ پر کام کرنے کا الزام، لا اینڈ آرڈر کی صورتحال پر جائزہ اجلاس کی اپیل
حیدرآباد۔ 25 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے وفد نے بھٹی وکرمارکا کی قیادت میں گورنر تلنگانہ ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے ملاقات کی۔ ارکان اسمبلی سریدھر بابو، سیتکا اور جگاریڈی کے ہمراہ گورنر کو ریاست میں امن و ضبط کی ابتر صورتحال پر یادداشت پیش کی گئی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ تلنگانہ میں امن و ضبط کی صورتحال پرگورنر سے مداخلت کی اپیل کی گئی ہے۔ تنظیم جدید قانون کے تحت گورنر کو لا اینڈ آرڈر کے مسئلہ پر مداخلت کا اختیار حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں امن و ضبط کی صورتحال ابتر ہوچکی ہے اور پولیس محکمہ برسر اقتدار پارٹی کے اشارہ پر کام کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برسر اقتدار پارٹی کے دباؤ میں پولیس عہدیدار عام آدمی سے انصاف کرنے سے قاصر ہیں۔ کانگریس ارکان اسمبلی نے کتہ گوڈم کے ٹی آر ایس رکن اسمبلی وی وینکٹیشور راؤ کے فرزند کی ہراسانی کے سبب ایک خاندان کی اجتماعی خودکشی کے واقعہ سے گورنر کو واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی جانب سے رکن اسمبلی کے فرزند کو بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ وہ امن و ضبط کی صورتحال اور پولیس کی کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس منعقد کریں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 7 برسوں میں ٹی آر ایس نے محکمہ پولیس کو اپنی محاذی تنظیم کی طرح تبدیل کردیا ہے۔ پولیس کے ذریعہ اپوزیشن قائدین کے خلاف کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ گورنر کو بتایا کہ برسر اقتدار پارٹی قائدین کے مظالم کے شکار متاثرین کو پولیس انصاف رسانی میں ناکام ہوچکی ہے۔ گورنر سے درخواست کی گئی کہ دستوری ذمہ داری کی تکمیل کرتے ہوئے پولیس کی کارکردگی پر نظر رکھیں۔ کانگریس ارکان اسمبلی نے حالیہ عرصہ میں کانگریس قائدین کے خلاف فرضی مقدمات کی تفصیلات پیش کیں۔ ر