مرکز پر قوم کو گمراہ کرنے کا الزام ، پابندیوں کی مذمت، اتم کمار ریڈی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد: صدرپردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی حکومت زرعی قوانین کے بارے میں قوم کو گمراہ کر رہی ہے ۔ اقل ترین امدادی قیمت سے محرومی کے نتیجہ میں کسانوں کو 50,000 کروڑ کا نقصان ہوا ہے کیونکہ انہیں کم قیمت پر پیداواری اشیاء کو فروخت کرنا چاہئے ۔ نئی دہلی میں پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے ساتھ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کسانوں کے مسائل پر اٹھائے گئے سوالات کے حکومت کی جانب سے دیئے گئے جوابات کی وضاحت کی۔ انہوں نے زرعی پیداوار کے لئے اقل ترین امدادی قیمت کے بارے میں سوال کیا تھا۔ لوک سبھا میں کانگریس ارکان نے زرعی قوانین اور کسانوں کو معاوضہ کی ادائیگی سے متعلق سوال کیا ۔ مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے تحریری جواب میں گمراہ کن اور غلط معلومات فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے زرعی قوانین کے نفاذ سے قبل کسانوںکی تنظیموں سے کوئی مشاورت نہیں کی گئی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت نے نئے قوانین کے زرعی شعبہ پر اثرات اور کسانوں کو نقصانات پر کوئی سروے نہیں کیا ہے ۔ یو پی اے دور حکومت میں 20 سے زائد ریاستوں میں زرعی اصلاحات کے ذریعہ کسانوں کو فائدہ پہنچایا گیا ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں کے مفادات کا سودا کر رہی ہے اور قوم کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے ٹی آر ایس حکومت پر مرکز کے ساتھ خفیہ مفاہمت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ زرعی قوانین پر ٹی آر ایس کا موقف بی جے پی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے قوانین اور کسانوں کے احتجاج پر چیف منسٹر کی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاجی کسانوں کو دہلی میں داخلہ سے روکنے کیلئے سخت تحدیدات عائد کی گئی ہیں اور کسانوں کو پینے کے پانی ، برقی اور ٹائلٹس جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم کیا گیا ہے ۔ مقامی افراد کو کسانوں کی مدد کرنے پر دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ کسانوں کے ساتھ مرکز کا غیر انسانی سلوک قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسان قائدین کو حکومت کی جانب سے ہراساں کیا جارہا ہے ۔ کانگریس ارکان پارلیمنٹ نے کسان ایجی ٹیشن کی مکمل تائید کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسان احتجاج کو ناکام بنانے کے لیے پولیس جن رکاوٹوں کو کھڑی کررہی ہے وہ ملک کی سرحدوں کی طرح دیکھائی دے رہا ہے ۔ جہاں دشمنوں کو روکنے کیلئے اس طرح کی پابندیاں عائد کی جاتی ہیں ۔۔